وزیراعظم آزاد کشمیراور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے بیانات قابل مذمت ہیں ،شمس الرحمن سواتی

1129
راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہاکہ پاکستان کی سب سے بڑی عدالت کی جانب سے کرپشن اوربددیانتی کی بنیاد پر نااہل کیے گئے شخص کی حمایت میں آزادکشمیر کے وزیراعظم اوروزیراعلیٰ گلگت بلتستان تمام حدیں کراس کرگئے جوکہ ایک قابل مذمت اقدام ہے، مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے والے مذکورہ رہنماؤں کے بغیربھی کشمیر کاز زندہ رہے گا ۔کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیرضلع نے کہاکہ راجا فاروق حیدر کے بیان کو بنیاد بنا کرکشمیری اورپاکستانی عوام میں تفریق اورنفرت کے جذبات بھڑکانے والے بھی بڑے جرم کے مرتکب ہورہے ہیں ،پاکستانی اور کشمیری عوام یک جان دوقالب ہیں اور انہیں کوئی جدا نہیں کرسکتا ۔ تکمیل پاکستان اور دفاع پاکستان کی جنگ کشمیر ی عوام لڑ رہے ہیں جس میں انہوں نے اپنی جان ، مال اور عزت آبروسمیت سب کچھ قربان کردیاوہیں کشمیر کازکے لیے پاکستانی قوم کی قربانیاں بھی کسی سے پوشید ہ نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نوازمافیا پاکستان میں زیادہ دیرتک قابض نہیں رہ سکتا۔