فیصلہ کن مرحلہ آپہنچا‘ کارکن انتخابات کی تیاریاں کریں‘ سراج الحق

662
لاہور( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پانامالیکس کافیصلہ آنے سے جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کو تقویت ملی ہے،جماعت اسلامی بلاامتیاز سب کا احتساب چاہتی ہے۔پانامالیکس میں شامل دیگر 450کرداروں کابھی محاسبہ کیاجائے۔ جب تک قومی خزانہ لوٹنے والوں سے پائی پائی وصول نہیں کرلیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سنگھوٹہ سوات میں جماعت اسلامی پنجاب کی 5روزہ خصوصی تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تربیت گاہ سے امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمداور خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر عنایت اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی گزشتہ سال مارچ سے کرپشن کے خلاف تحریک چلارہی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ جس نے بھی ملکی دولت لوٹی ہے اس کاکڑااحتساب ہونا چاہیے۔ اس وقت ملک میں کرپشن کے خلاف عوام کے اندر شدید نفرت ہے اور لوگ چاہتے ہیں کہ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹیاں اور جھنڈے بدل کر اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے والے لٹیرو ں کے اس گروہ سے مستقل نجات کے لیے دیانت دار قیادت کا انتخاب ضروری ہے اورہم سمجھتے ہیں کی آئندہ انتخابات میں بہترتیاری کے ساتھ جماعت اسلامی اچھے نتائج حاصل کرسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیصلہ کن مرحلہ آ پہنچا ہے ، کارکن آئندہ انتخابات کی تیاری کریں ،ہم اسے ضائع نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ نے طے کیاہے کہ ملک میں سب کے احتساب کے لیے ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کوکامیاب تربیت گاہ کے انعقاد پر مبارک باددیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جماعت اسلامی پنجاب کے ذمہ داران صوبہ بھر میں بہترین انتخابی مہم کے ذریعے عوام کو ظلم و جبر کے موجودہ نظام سے نجات دلائیں گے اوریہ اجتماع ملک میں اسلامی انقلاب کاذریعہ بنے گا۔تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میاں مقصود احمد نے کہاکہ آرٹیکل 62اور63کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو برداشت نہیں کریں گے۔ملک میں پہلی مرتبہ جماعت اسلامی کی کاوشوں کی بدولت احتساب کا عمل شروع ہواہے۔کرپٹ عناصر کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ حکمرانوں نے 4سال میں عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف فراہم نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ پانامالیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگرچوروں،ٹیکس چور اور قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کے گرد بھی گھیراتنگ ہونا چاہیے۔ خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر اور جماعت اسلامی کے رہنماعنایت اللہ خان نے تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماراالمیہ ہے کہ70سال گزرجانے کے باوجود محب وطن قیادت کا فقدان ہے۔کرپٹ اور بدعنوان افراد نے اقتدار پر قبضہ کررکھا ہے۔لوگوں کواپنے جائز کام کے لیے بھی کرپٹ عناصر کے سامنے گھنٹے ٹیکنے پڑتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی20کروڑ عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔ہمارے افراد بے داغ کردارکے حامل ہیں اورمختلف ادوار میں منتخب ہوکر اسمبلیوں اور سینیٹ میں پہنچنے والے کسی ایک رکن پر بھی کرپشن کاکوئی الزام نہیں۔جماعت اسلامی پنجاب کی سنگوٹہ سوات میں ہونے والی صوبائی تربیت گاہ میں پنجاب بھر سے منتخب ذمے داران شرکت کی ۔