کراچی کے لیے 20سالہ ماسٹر پلان بنانے کی ضرورت ہے‘ ڈپٹی میئر

229

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرا نے کہا ہے کہ کے ایم سی کو 30 بلین روپے کی کمی کا سامنا ہے ،عدالت عظمیٰ نے بلدیاتی انتخابات کرائے اور ہم ایک بار پھر اختیارات کے لیے عدالت کی طرف دیکھ رہے ہیں، مالیاتی نا انصافیوں، اختیارات پر قدغن، ناقص منصوبہ بندی اور بلدیاتی سہولیات کے فقدان کے باعث شہر کچرے کا ڈھیر بن چکا ہے، کراچی کے لیے 20 سالہ ماسٹر پلان بنانے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے سیکرٹریٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد میں39 ویں او ایم جی بیج کے 44ویں سی ٹی پی کورس کے شرکا کی کے ایم سی بلڈنگ آمد پر انہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے فرائض و اختیارات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایس ٹی آئی اسلام آباد حسنین ایم سید، ڈائریکٹر ایس ٹی آئی آصف علی علوی اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل محمد شکیب، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ کے ایم سی علی حسن ساجد سمیت اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ایس ٹی آئی اسلام آباد کے سیکشن آفیسرز، او ایم جی آفیسرزکے علاوہ سینئر کے ایم سی افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرا نے کہا کہ ملک اور صوبے کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کراچی کے ساتھ سندھ حکومت نے معاشی نا انصافی کی جس کے باعث یہ شہر کچی آبادی میں تبدیل ہوتا جارہا ہے،شہر کے مسائل وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتے گئے اور ان کے حل کی طرف کوئی توجہ نہ دی گئی، کراچی کو پانی و بجلی کی عدم دستیابی، فراہمی و نکاسی آب کے ناقص نظام اور صحت و صفائی کے شعبے کی تباہ حالی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے جس کے لیے شہر کے منتخب نمائندے مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں لیکن کوئی سننے والا نہیں۔ اگر یہی صورتحال رہی آنے والے وقت میں 70 فیصد کراچی کا حصہ کچی آبادیوں پر مشتمل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ضلعی بلدیات کے تعاون اور اشتراک سے شہریوں کے مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کر رہی ہے اور تمام منتخب بلدیاتی نمائندے اس حوالے سے سرگرم ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم سب مل کر اس شہر کو مسائل سے نجات دلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔علاوہ ازیں گزشتہ روز خداداد کالونی چوراہے پر بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے یکم اگست سے 14 اگست تک چیمپئنز کا پاکستان کے عنوان سے منعقد ہونے والی تقریبات کا پرچم کشائی کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی میئر نے کہا ہے کہ پاکستان کا جشن آزادی شایان شا ن طریقے سے منائیں گے، کراچی کے شہری اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کا عزم کریں، کراچی شہر یہ ثابت کرے گا کہ یہ پاکستان کے شہروں کا چیمپئن ہے، پاکستانی قوم کا شمار دنیا کی اچھی قوموں میں ہونا چاہیے، ہم زندہ قوم ہیں اور کراچی کے شہری اپنے ملک سے محبت کے جذبے سے سرشار ہیں۔