بلدیہ حیدرآباد کی ناقص کارکردگی کے سبب تجاوزات کی بھرمار

221

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کے شعبہ انسداد تجاوزات، اینٹی انکروچمنٹ سیل حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کے باعث سڑکوں، شاہراہوں، گلیوں، محلوں، بازاروں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات قائم ہوگئیں، شہری پیدل چلنے کے بنیادی حق سے محروم ہوگئے۔ موجودہ میئر بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کی ہدایت پر شعبہ انسداد تجاوزات نے حیدر آباد شہر، لطیف آباد، سائٹ ایریا، پھلیلی اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا تھا، جس کی مانیٹرنگ کمشنر حیدر آباد، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کررہے تھے۔ تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن میں سندھ حکومت کے محکمہ اینٹی انکروچمنٹ سیل بھی حصہ لے رہا تھا، جس کی وجہ سے حیدر آباد شہر، لطیف آباد، سائٹ ایریا، پھلیلی اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری تھا اور شہریوں کی جانب سے اس کا بھرپور خیر مقدم کیا گیا تھا۔ تجاوزات کے خاتمے کے باعث سٹرکیں، شاہراہیں، گلیاں اور فٹ پاتھ کھلے ہوگئے تھے، لیکن بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کے شعبہ تجاوزات، سندھ حکومت کے محکمہ اینٹی انکروچمنٹ سیل اور کمشنر حیدر آباد نے جیسے ہی سیاسی دباؤ پر جاری آپریشن بند کیا، فوری طور پر تجاوزات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے اور ٹریفک جام معمول بن گیا۔ لطیف آباد، قاسم آباد، سائٹ ایریا، پھلیلی، پریٹ آباد، گاڑی کھاتہ، ریشم گلی، شاہی بازار، گل سینٹر، نیا پل، گھنٹہ گھر، ہیرا آباد اور سائٹ ایریا سمیت متعدد علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بھی تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا گیا تھا، شہریوں نے سندھ حکومت اور میئر حیدر آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن واپس شروع کیا جائے اور جہاں دوبارہ تجاوزات قائم کی گئی ہیں انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے اور تجاوزات کے خاتمے میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔