چین سے دفاعی تعاون اور تجارتی فروغ جاری رہے گا‘ ترکی

194

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی علاقائی اور عالمی تنظیموں سے قریبی تعاون کی تلاش میں ہے۔ وزیر خارجہ نے اس بات کا اظہار ترک۔چین وزرائے خارجہ مشاورتی اجلاس کی دوسری کانفرنس میں شرکت کے دوران کیا۔ بعد ازاں پریس کانفرنس کے دوران مولود چاوش اولو نے کہا کہ دورہ چین کے بعد وہ منیلا میں منعقد ہونے والی آسیان کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا ہم شنگھائی تعاون تنظیم اور اس کے رکن ممالک سے تعلقات کو بہتر بنانے میں مصروف ہیں، ہم بالخصوص ان ممالک میں شامل ہیں جو کہ چین کی خارجہ پالیسی پر مکمل اعتماد کرتے ہیں جب کہ چین کی سلامتی ہمارے لیے اور دنیا کیلیے اہم ہے۔ ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافہ جاری ہے جب کہ تجارت میں فروغ بھی ہماری بات چیت کا اہم حصہ رہی ہے،ترکی اس وقت چین کو زرعی مصنوعات برآمد کرتا ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ترکی اور چین کے درمیان تعلیمی شعبے میں بھی تعاون بڑھ رہا ہے اور جہاں تک دو طرفہ ویزے میں نرمی کا معاملہ ہے تو چینی وزیر خارجہ نے مشترکہ طور پر اس پر غور کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے چینی ہم منصب کو دورہ ترکی کی بھی دعوت دی جس کا چینی وزیر نے خیر مقدم کیا۔
چین ترکی تعلقات