استنبول میں فلسطین کے قونصل خانے کا افتتاح

335

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک شہر استنبول میں فلسطین کے قونصل خانے کی افتتاحی تقریب میں ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اولو اور ان کے فلسطینی ہم منصب ریاض المالکی نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مولود چاوش اولو نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے اسرائیل کو پرامن رویے کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ فلسطین دو ریاستی حل اور 1967ء کی سرحدوں کے اندر اور مشرقی بیت المقدس کے دارالحکومت والی خود مختار فلسطینی حکومت کے قیام کے حوالے سے مذاکرات اور مسئلے کے حل کے لیے تیار ہے لیکن صرف یہی کافی نہیں بلکہ اسرائیل کا بھی ایسے ہی طرز عمل کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔ فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے بھی کہا کہ فلسطین کے برحق دعوے کے ساتھ تعاون پر ہم ترکی کے شکر گزار ہیں۔ مالکی نے کہا کہ ہم نے اسلامی تعاون تنظیم کے دائرہ کار میں عالم اسلام کو مسجد اقصیٰ کے مسلمانوں کے ساتھ تعاون کے لیے متحرک کرنے کی کوشش کی ہے اور اب اپنے قونصل خانے کے افتتاح کے لیے یہاں موجود ہیں اور یہ سب دونوں ملکوں کے درمیان بہترین تعلقات کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ استنبول میں آج ایک خصوصی فلسطین ڈے ہے۔ افتتاحی تقریب میں انقرہ میں فلسطین کے سفیر فواد مصطفی، استنبول میں فلسطین کے قونصل جنرل عبدالکریم الخطیب، استنبول میں مقیم فلسطینی اور استنبول میں کئی ممالک کے مشن سربراہان نے شرکت کی۔