تیسر اور شاہ لطیف ٹاؤن اسکیمیں کے ڈی اے کو واپس دینے کا فیصلہ

274
کراچی (رپورٹ : محمد انور ) سیکرٹری بلدیات نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں ڈائریکٹر جنرل سمیت کسی بھی اسامی پر تبادلے و تعیناتی سے انکار کردیا ہے۔ نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ” ہم نے تو کوئی تبادلہ یا تعیناتی نہیں کی، کسی نے اپنی خواہشات کو خبر کا رنگ دیا ہے ” سیکرٹری محمد رمضان اعوان نے کہا ہے کہ ناصر عباس بدستور ڈی جی ہیں، ان کی کارکردگی سے حکومت مطمئن ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے فارغ کیے گئے 94 ملازمین کی ملازمتوں کے لیے کے ڈی اے اسکیم شاہ لطیف ٹاؤن اور تیسر ٹاؤن کو واپس کے ڈی اے کے حوالے کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔ ان اسکیموں کی واپسی کے ساتھ ہی ایم ڈی اے کے مذکورہ تمام ملازمین اور افسران کو کے ڈی اے میں واپس لے لیا جائے گا۔ یادرہے کہ ایم ڈی اے کے قیام کے بعد کے ڈی اے کی شاہ لطیف ٹاؤن اور تیسر ٹاؤن اسکیموں کو کے ڈی اے سے ایم ڈی اے میں منتقل کردیا گیا تھا۔ ان اسکیموں کے ساتھ مذکورہ ملازمین کو بھی ایم ڈی اے کے حوالے کردیا گیا تھا لیکن عدالت عظمیٰ نے گزشتہ سال تمام ملازمین کو ان کے اصل محکموں میں واپس بھیجنے کا حکم دیا تو کے ڈی اے نے بغیر اسکیموں کے ان ملازمین کو واپس لینے سے انکار کردیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے سمری وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو ارسال کی جاچکی ہے جس پر جلد منظوری دے دی جائے گی۔