اپنی سرحدوں کے امین ہیں ‘ دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے‘ جنرل باجوہ

282

اسلام آباد/ راولپنڈی (نمائندہ جسارت/ خبر ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ اپنی سرحدوں کے امین ہیں‘ ملکی دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے‘ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے‘ شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیاجائے گا۔بدھ کو ایبٹ آباد میں2 روزہ خصوصی بلوچ رجمنٹ کانفرنس کے پہلے روز آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی سرحدوں کے امین ہیں اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے‘ ملکی دفاع میں بلوچ رجمنٹ کے اہم کردار پر فخر ہے جبکہ بلوچ رجمنٹ کی قربانیاں قابل قدر ہیں‘ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو کبھی نہیں بھولے گی جبکہ دہشت گردی کے خاتمے اور سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے‘ پاک فوج کے جوانوں نے ملکی دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں جو قابل تحسین ہیں ‘شہداء کی قربانیوں کو اپنا مشعل راہ بنا کر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔کانفرنس میں کمانڈر 10 کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا، سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی سمیت کئی ریٹائر جرنیلوں نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کرنل انچیف کے رینک لگائے گئے۔علاوہ ازیںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سفیر عمر زخیل وال نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیکورٹی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے افغان سفیر سے افغانستان میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی میں ہونے والے انسانی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔