امریکا، زہریلی گیس کا اخراج ، 40افراد متاثر

171

رالی (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی ریاست شمالی کیرولائنا کے ایک سماجی مرکز میں زہریلی گیس کے اخراج سے متاثر ہونے والے40 سے زائد افراد کو اسپتال منتقل کرنا پڑا ہے۔ حکام کے مطابق واقعہ ریاست کے شہر ڈرہم میں پیش آیا جہاں بدھ کی دوپہر ایک سوئمنگ پول میں زہریلی گیس کے اخراج سے وہاں موجود افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ ڈرہم پولیس کے بیان کے مطابق واقعے کے وقت مرکز میں اسکول کے بچوں کا ایک کیمپ جاری تھا۔ گیس کے اخراج سے متاثر ہونے والے کم از کم 42 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے چھ کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔ گیس سے متاثر ہونے والے افراد میں 40 بچے بھی شامل ہیں جن کی عمریں 6 سے 12 سال کے درمیان ہے۔ ڈرہم کے فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق واقعہ ہائپو کلورائٹ نامی کیمیکل کے اخراج کی وجہ سے پیش آیا جو عموماً سوئمنگ پولز کی صفائی غیرہ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق چوں کہ سوئمنگ پول عمارت کے اندر واقع تھا، لہٰذا کیمیکل کے اخراج سے وہاں موجود لوگوں پر زیادہ اثر پڑا۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
زہریلی گیس