اورماڑہ میں نیول ائر اسٹیشن کے رن وے کی تعمیر اور کیڈٹ کالج کا افتتاح

316

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اورماڑہ میں قائم نیول ائر اسٹیشن کے نئے رن وے کے تعمیراتی کام کے آغاز اور کیڈٹ کالج اورماڑہ کے نوتعمیر شدہ تدریسی بلاک کی افتتاحی تقریب جمعرات کو اورماڑہ بلوچستان میں منعقد ہوئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل عبدالعلیم نے ان کا خیر مقدم کیا۔ کیڈٹ کالج اورماڑہ کے تدریسی بلاک کے افتتاح کے بعد ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اس تعمیر ی منصوبے پر متعین ٹیم کے ارکان سے ملاقات کی اور منصوبے کی بروقت تکمیل پر مبارک باد پیش کی۔ نیول چیف نے متعلقہ افسران اور ان کی ٹیم کے کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ کالج قومی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کا کردار سب سے زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹ کالج اورماڑہ کے اساتذہ کیڈٹس کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دیں۔ کیڈٹ کالج کی تعمیر کا مقصد معیار ی تعلیم و تربیت کے ذریعے بلوچ نوجوانوں کو قومی معاشی و معاشرتی دھارے میں شامل کرکے ملک کے دیگر صوبوں کے عوام کے برابر لانا ہے تاکہ وہ قومی خدمت اور تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔ تدریسی بلاک کے علاوہ کیڈٹ کالج کی نئی عمارت میں ہاسٹل، سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریز، آڈیٹوریم ، شوٹنگ رینج، لائبریری، کھیلوں کے میدان اور مسجد بھی شامل ہوں گے۔