آرمی چیف سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات‘سیکورٹی صورتحال پر گفتگو

186

راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی جس میں باہمی تعلقات خطے کی مجموعی سیکورٹی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور برطانوی ہائی کمشنر کے مابین یہ ملاقات جنرل ہیڈکوارٹر میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات دفاعی اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید تقویت دینے کے امور زیر غور آئے۔ برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور اس جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ذمے داری نبھانے کا عزم دہرایا۔دریں اثناجنرل قمر جاوید باجوہ نے قندھار میں امریکی خصوصی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے واقعے میں فورسز کے 2 جوانوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیاجبکہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔