چودھری نثار کے سوا سابق کابینہ برقرار‘ 4نئے وزراء بھی شامل

635

اسلام آباد( نمائندہ جسارت+مانیٹرنگ ڈیسک)اختلافات کا شکار ن لیگ کی قیادت نے نومنتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے لیے 46 رکنی بھاری بھرکم کابینہ کی منظوری دے دی ۔سابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار نئی کابینہ کا حصہ نہیں ہوں گے جب کہ فوج کی ناراضی کے بعد نوازشریف کی کابینہ سے نکالے جانے والے سینیٹر مشاہداللہ کی ایک بارپھر واپسی ہوئی ہے ۔یہ پیشرفت وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ڈونگا گلی کی رہائش گاہ میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی طویل مشاورت کے بعد سامنے آئی۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کی پنجاب میں گرفت کمزور پڑنے کے خدشے کے پیش نظر شہباز شریف کو وزیراعلیٰ برقرار رکھنے اور شاہد خاقان عباسی سے وزارت عظمیٰ کی مدت پوری کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ لیگی قیادت چودھری نثار کو شاہدخاقان عباسی کے ماتحت کام کرنے پر راضی نہ کرسکی جس کے بعد ان کی جگہ اب احسن اقبال کو وزیرداخلہ بنایا جائے گا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ خواجہ آصف وزیر خارجہ ‘ خرم دستگیر وزیر دفاع ‘ پرویز ملک وزیر تجارت ‘مشاہد اللہ وزیر موسمیاتی تبدیلی ہوں گے جب کہ اسحاق ڈار، سعد رفیق اور عبدالقادر بلوچ کو ان کی پرانی وزارتوں پر برقرار رکھا گیا ۔مریم اورنگزیب وزیر اطلاعات و نشریات،بلیغ الرحمٰن وزیر مذہبی امور ‘ درشن لال وزیر بین الصوبائی رابطہ ہوں گے۔وزارت پیٹرولیم اور وزارت منصوبہ بندی کا قلم دان وزیر اعظم کے پاس رہے گا۔طارق فضل چودھری وزیر مملکت کیڈ ہی رہیں گے۔طلال چودھری،دانیال عزیز، عبدالرحمن کانجو، ارشدخان لغاری، خسرو بختیار، حافظ عبد الکریم، جاوید علی اور اکرام خان کو وزیر مملکت بنایا جائے گا۔طلال چودھری کو وزیر مملکت برائے داخلہ بنانے جبکہ دانیال عزیز کو وزارت امور کشمیر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ عبدالرحمن کانجو کے والد صدیق کانجو سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرانے دور حکومت میں وزیر خارجہ رہے ہیں۔جنید انوار چودھری کو وزیر مملکت برائے مواصلات، انوشہ رحمن کو وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام، سائرہ افضل تارڑ کو وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کاقلمدان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ محسن رانجھا کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ سکندر حیات بوسن کو وزار ت خوراک و زراعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ چودھری جعفر اقبال ناروے میں بیٹے کی شادی چھوڑکر وزیراعظم کو ووٹ دینے آئے تھے، انہیں بھی وزیرمملکت بنایا جائے گا۔40سے زائد وزراء پر مشتمل کابینہ کی تقریب حلف برداری آج جمعہ کی صبح 9بجے ایوان صدر میں ہوگی، صدر ممنون حسین وزراء سے حلف لیں گے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی‘ عسکری قیادت‘ اراکین پارلیمنٹ بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوں گے۔