کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ریاست کے نظریہ میں تمام اکائیوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بھرپور مواقع کی فراہمی کو مرکزیت حاصل ہے ، تمام افراد پاکستان کی اقتصادی و معاشی خوشحالی کے لیے بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہاؤس میں آرچ بشپ جوزف کوٹس (Archbishop Joseph Coutts) کی قیادت میں 11 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں جاری صورتحال، روشن اور خوشحال پاکستان کے لیے کیے گئے اقدامات، مسیحی برادری کے کردار ، خدمات ، مسائل اور دیگر اہمیت کے حامل امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور عام آدمی کے طرز زندگی میں بہتری لائے بغیر خوشحال پاکستان کا تصور ممکن نہیں ، موجودہ دور میں عام آدمی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں ،سی پیک منصوبہ سے بھی معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا ،۔انہوں نے کہا کہ جدید دور میں توانائی کو بہت اہمیت حاصل ہے ،معیشت کا پہیہ بھی توانائی کے بغیر چلانا ممکن نہیں ، پاکستان کا دیرینہ مسئلہ توانائی بحران پر بھی کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے بہت جلد ملک بھر سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ،توانائی بحران کے خاتمہ کے بعد معاشی، اقتصادی اور سماجی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی ۔ علاوہ ازیں ورلڈ فلاور کونسل پاکستان چیپٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پھول قدرتی حسن ہیں جس سے ماحول دلکش منظر پیش کرتا ہے ، ان کے انتخاب سے ماحول میں خوشگوار تبدیلی لائی جا سکتی ہے ، مختلف پھولوں سے گلدستے اور گھروں کی دیواروں کو بھی دلکش بنانے سے اچھا تاثر پیدا ہوتا ہے ، خوبصورت لوگ اپنے ماحول کو خوبصورت بنانے کے لئے پھولوں کا انتہائی دلکش انداز اپناتے ہیں جس کو دیکھنے والے بھی محظوظ ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ورلڈ فلاور کونسل جاپان کے Late Mr.Juzaburo Sekiye نے 1983 ء4 میں قائم کی تھی ، اس کی چوتھی عالمی نمائش یکم ستمبر2016 ء کو کینیا میں منعقد کی گئی تھی۔تقریب میں ایشیا پیسیفک ورلڈ فلاور کونسل کے چیئرمین معروف ڈیزائنرPhubast Chesdmethee نے مختلف پھولوں سے دیوار کو خوبصورت بنانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔گورنرسندھ نے گورنر ہاؤس میں دعوت اسلامی کی مجلس رابطہ کے انچارج یوسف سلیم عطاری کی قیادت میں آنے والے 4 رکنی وفد سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلام امن پسند ی ، بھائی چارے ،ہم آہنگی اور رواداری کا درس دیتا ہے ، معاشرہ سے عدم برداشت کے رویہ کے خاتمہ کے لیے علماء کرام اپنا کردار ادا کریں ،ہر نازک موقع پر علماء کرام کا کردار مثالی رہا ہے جسے فراموش نہیں کیا جا سکتا۔