گلالئی کے پیچھے شریف مافیا‘ امیر مقام اور میڈیا گاڈ فادر ہے‘ عمران خان

653

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+صباح نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عائشہ گلالئی کے الزامات کو (ن) لیگ کا سیاسی حربہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ (ن) لیگ سے یہ نہیں بلکہ کچھ اور توقع کر رہا تھا، شریف برادران سیاست دان نہیں مافیا ہیں اور وہ اپنی سیاست بچانے کے لیے کسی بھی حد تک چلے جائیں اپنی سیاسی موت سے نکل نہیں سکتے جب کہ (ن) لیگ نے جو بینظیربھٹو، نصرت بھٹو، اور جمائما کے ساتھ کیا مجھے یاد ہے، عائشہ گلالئی کے پیچھے (ن) لیگ، امیر مقام، جنگ اور جیو ہے، افسوس ہوا کہ کل تک وہ ٹھیک تھی مگر اچانک یہ سب ہو گیا، تعجب ہوتا ہے وہ اتنا آگے کیسے چلی گئیں اور جب میسج گیا تھا اگرگلالئی اس وقت اسٹینڈ لے لیتی تو لوگ ان کی عزت کرتے جب کہ پوری پارٹی میں کہا ہوا ہے کہ خواتین کے خلاف کوئی بھی شکایت ہوئی تو خود ایکشن لوں گا، کسی نے مجھ پر جھوٹا الزام لگایا تو وہ ذلیل ہو گا اور اگر میں غلط ہوا تو میں ذلیل ہوں گا۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی ن لیگ کے ہاتھوں استعمال ہو گئیں ن لیگ نے سیتا وائٹ کے ساتھ بھی یہی کچھ کیا، سیتا وائٹ نے ن لیگ سے پیسے لینے کا اعتراف بھی کیا تھا۔ جھوٹے پر اللہ تعالی کی لعنت ہے عائشہ گلالئی وفد کے ساتھ آئیں اور این اے ون کے ٹکٹ کی بات کی جس پر میں نے انہیں کہا اسمبلی میں آپ کی کارکردگی اچھی نہیں ٹکٹ میرٹ پر ملے گا، گلالئی نے جلسے میں خطاب کا موقع نہ ملنے کا بھی شکوہ کیا ۔عورت کے خلاف بات کرنا مجھے برا لگتا ہے افسوس ہوا کل تک گلالئی ٹھیک تھیں پھر کیا ہو گیا ان کے الزامات میں کوئی ٹویٹ اور ٹائمنگ کی دلیل نہیں ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلی بار طاقتور کا احتساب ہوا، اسٹیٹس کو قوتیں پارٹیاں ہوئی ہیں مگر احتساب کا عمل اب رکے گا نہیں اور مجھے نہیں لگتا کہ مسلم لیگ (ن) زیادہ دیر چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کرپشن کے علاوہ جھوٹ بول کر معاشرے کی اخلاقیات تباہ کر رہے ہیں جب کہ میں نے پرویز خٹک سے کہا ہے جو بکتا ہے اسے بکنے دیں۔اس سوال پر کہ عائشہ گلالئی آپ سے شادی کرنا چاہتی تھی جواب میں عمران خان نے کہا جو بھی ہوا عائشہ گلا لئی ایک خاتون ہے ان کا احترام کرتا ہوں مزید بات نہیں کرنا چاہتا ۔عائشہ گلالئی نے خود کو پھنسا دیا ہے بے شمار عورتوں نے میرے ساتھ کام کیا ہے شوکت خانم اسپتال میں 10 سال تک بیٹھتا رہا وہاں بے شمار عورتیں ہیں جو مارکیٹنگ میں ہیں، انگلینڈ میں ہمارا آفس تھا، پھر سیاست میں بڑی تعداد میں عورتیں ہمارے ساتھ ہیں ان میں سے کوئی بھی عورت بتا دے میں نے اس قسم کی کوئی گھٹیا حرکت کی ہو، ناکامی پر ن لیگ ذہنی دباؤ کا شکار ہے اور اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی ہے یہ کچھ بھی کر سکتے ہیں تاہم میں ان کو پیغام دیتا ہوں کہ یہ جو بھی کریں گے ناکام ہوں گے ن لیگ شروع ہی سے چھانگا مانگا والی سیاست کرتی ہے ۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر پی ٹی آئی ورکرزاورسپورٹرز کوعائشہ گلا لئی کی بہن ماریہ تورپیکئی پر تنقید کرنے سے روکا۔ عمران خان نے اپنے حامیوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کارکن یا سپورٹرماریہ تور پیکئی پر تنقید نہ کرے۔