مینہ قاضی اورراویہ خان نے انٹرنیشنل تائی کوانڈو چیمپیئن شپ میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کر لی

178

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ عرب امارات میں منعقدہ 5ویں فیوجیرہ اوپن انٹرنیشنل تائی کوانڈو چیمپیئن شپ میں کراچی سندھ سے تعلق رکھنے والی امینہ قاضی اور راویہ خان نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرکے پاکستان کے لئے چاندی اور کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ چیمپیئن شپ میں گرلز کی نمائندگی فاطمہ خاور‘ امینہ قاضی اور راویہ خان نے کی جبکہ بوائز میں اسامہ نے پاکستان کی نمائندگی کا شرف حاصل کیا لیکن وہ کوئی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔ دریں اثناء سیکریٹری اسپورٹس محمد سلیم رضا نے دونوں فاتح کھلاڑیوں کے اعزاز میں اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد میں ایک عشائیہ دیا جس میں امینہ قاضی اور راویہ خان کو انٹرنیشنل سطح پر نمایاں کارکردگی پر 50,50 ہزار روپے کا نقد انعام بھی دیا۔ واضح رہے کہ دونوں فاتح کھلاڑیوں کی تربیت سندھ اسپورٹس بورڈ کے عالمی شہرت یافتہ کوچ مسرور خان نے کی تھی ان کی اعلیٰ کارکردگی پر سیکریٹری اسپورٹس نے ان کو بھی25 ہزار روپے نقد انعام سے نوازا۔ سیکریٹری اسپورٹس نے کھلاڑیوں کو تاکید کی کہ وہ اپنی عمدہ کارکردگی سے اسی طرح پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں محکمہ کھیل ان کی اسی طرح بھرپر پذیرائی کرتا رہے گا۔