کوئی ادارہ یہ نہ سوچے بزور طاقت سب کچھ منوالیا جائیگا‘ فضل الرحمن

602

اسلام آباد(آئی این پی )جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کوئی ادارہ یہ نہ سوچے طاقت کے زور پر سب کچھ منوالیا جائے گا۔ ان کے بقول جن سیاستدانوں کو یہ سیاست میں لائے اب انہیں سے نالاں ہیں۔جمعرات کواسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام سعودی عرب کے زیر اہتمام استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ پہلے صدر اور آرمی چیف کے ذریعے وزرائے اعظم نکالے جاتے رہے اب عدلیہ نے وزیراعظم کو گرا دیا ، وزیراعظم کے خلاف تمام طاقتور دفاتر نے اپنے تجربات مکمل کر لیے ،اب اس قسم کے کھیل ختم ہونے چاہئیں، ملک کو بھونچالی کیفیت سے نکالنا ہوگا ، صورتحال کسی کے مفاد میں نہیں کیونکہ عالمی سازش کے تحت پاکستان کو سیاسی طور پر عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران اور سیاستدان تنہا کرپشن نہیں کرتے، اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی ان کے لیے میدان ہموار کرتی ہے ، پارلیمنٹ نے نیب سے حساب کتاب لیا تو پتا چلا کہ سب سے زیادہ وصولیاں فوج اور بیوروکریسی سے ہوئیں ہیں، سیاستدانوں کی کم کرپشن کے باوجود جمہوریت کو کمزور کرنے کے لیے بدنام کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی مدرسے کو تالا لگانے یا کسی مولوی کو پکڑنے سے دہشت گردی کا مسئلہ حل نہیں ہوگا ، جہاں دہشت گردی ہے وہاں جاؤ ، جہاں دہشت گردی کے مراکز یا اڈے ہیں ان کیخلاف کارروائی کرو۔