دہشت گرد تنظیموں کااصلی مقصد بچوں کو تعلیم اور مذہب سے دور رکھنا ہے ‘ اردوان 

246

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) صدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے اسکولوں اور اساتذہ کو ہدف بناتے ہوئے سب سے زیادہ نقصان بچوں کو پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ مذہبی امور کے زیر اہتمام ہونے والے مشرقی اور جنوب مشرقی اناطولیہ میں طلبہ کے موسم گرما کی سرگرمیوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم بچوں کے سہانے خوابوں کو روندتے ہوئے اور انکے مستقبل کو تباہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ نقصان پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد تنظیمیں پہلے اسکولوں، اساتذہ کو اپنا ہدف بناتی ہے تاکہ بچوں کے مستقل تاریک کیا جاسکے۔ یہ تنظیمیں ہمارے مذہبی رہنماؤں اور علما کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ بچوں کو اسکولوں اور مساجد سے دور رکھا جاسکے اور اپنی تنظیموں کا آلہ کار بنایا جاسکے۔ کیوں کہ یہ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں کہ مساجد اور اسکولوں سے پڑھے ہوئے کبھی بھی دہشت گردوں کے ہتھے نہیں چڑھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیم پی کے کے جن مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے میدان میں ہے بالکل انہی مقاصد کو دہشت گرد تنظیم فیتو بھی حاصل کرنا چاہتی ہے۔