مویشی منڈی میں 44ہزار گائے و بکرے پہنچ گئے‘ 2اے ٹی ایم نصب

1423

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)سہراب گوٹھ میں لگنے والی مویشی منڈی میں ملک کے تمام حصوں سے جانور لانا شروع ہو گئے ہیں اور ایک اندازے کے مطابق لگ بھگ 40 ہزار سے زائد گائے اور 4ہزار بکرے منڈی میں لائے جا چکے ہیں۔منتظم کراچی مویشی منڈی سیدارشاد احمد نے کہا ہے کہ مویشی منڈی میں بیوپاریوں اور خریداروں کی سہولت کے لیے نجی بینک کی جانب سے 2 اے ٹی ایم مشین نصب کر دی گئی ہیں جبکہ مویشی منڈی انتظامیہ کے دفتر سے ملحقہ نجی بینک نے عارضی بوتھ بھی قائم کر دیا ہے۔ مویشی منڈی میں خریداروں اور بیوپاریوں کو خوش ذائقہ کھانے اور چائے کے لیے مشہور ہوٹلوں کے قیام کا عمل بھی شروع ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ منڈی میں تاجروں اور خریداروں کے لیے سہولیات کی فراہمی ہر ممکنہ کوشش کی گئی ہے کہ لوگوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا تاجروں اور کسٹمرز کے لیے انتظامات میں مفت پارکنگ کی سہولت، لائٹس کا انتظام اور جا نورں کو گاڑیوں سے اتارنے کے لیے مفت ریمپس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مشہور ومعروف ریستورانوں نے منڈی میں اپنے اپنے اسٹال لگانے کی تیاری شروع کر دی ہے۔لوگوں کو پینے کے لیے اعلیٰ معیار کا پانی کمپنی سے براہ راست میسر ہے۔ اس دفعہ منڈی تقریباً800 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے اور 26 بلاکس پر مشتمل ہے جن میں سے 4 وی آئی پی اور 22 جنرل بلاکس ہیں۔