عدالت ‘ میڈیا اور عوام مل کر احتساب کی تحریک کو آگے بڑھائیں‘ مشتاق خان

236

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آگیا۔ نواز شریف کی نااہلی اختتام نہیں بلکہ آغاز ہے۔ جماعت اسلامی تمام کرپٹ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تحریک چلائے گی۔ پاناما لیکس میں آنے والے پانچ سو افراد اور بینکوں سے قرضے معاف کروانے والے کرپٹ ٹولے کے خلاف بھی جے آئی ٹی بنائی جائے۔ آئین کی دفعات 62,63کو آئین سے نکالنے کے بجائے کرپٹ لوگوں کا صفایا کیا جائے۔ جماعت اسلامی کی تحریک احتساب میں مزید تیزی لائی جائے گی اور کسی کرپٹ کو معاف نہیں کیا جائے گا۔عدالت ، میڈیا اور عوام مل کر ’’احتساب سب کا‘‘ تحریک کو آگے بڑھائیں۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں احتساب سب کا تحریک کے عنوان سے بیس بڑے جلسے منعقد کریں گے جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھارہی ہے اوراس سلسلے میں تین ماہ پر مشتمل رابطہ خواتین و ممبرسازی خواتین مہم چلائے گی۔ ہزاروں کی تعداد میں خواتین کو جماعت اسلامی کا ممبر بنایا جائے گا۔ اسلام سب سے بڑھ کر خواتین کے حقوق کا محافظ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی سنگھوٹہ سوات میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع، نائب امرا ڈاکٹر محمد اقبال خلیل، مولانا محمد اسماعیل، نور الحق، مولانا اسداللہ، ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ، سینئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان ، وزیر خزانہ مظفر سید، وزیر مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن سمیت ضلع دیر بالا، دیر پائین، چترال اور بونیر کے ضلعی ناظمین ،ایم این ایز، ایم پی ایز اور امرا اضلاع نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے کہاکہ عدالتوں نے عوام کو ایک نیا حوصلہ دیا ہے اور ملک کے سب سے طاقتور ٹولے پر ہاتھ ڈالا ہے۔ دستور کی دفعہ 62اور 63ملک کی نظریاتی اساس ہیں ، پہلی بار ان پر عمل کا آغاز ہوا ہے۔ جو لوگ آئین کی دفعہ 62اور 63کو نکالنے کی باتیں کررہے ہیں، وہ ملک کو لوٹنے والوں کے خلاف متحد ہو کر ان کا صفایا کریں ۔ جماعت اسلامی نے نوے کی دہائی میں تحریک احتساب کا آغاز کیا تھااور اپنی جانوں کی قربانی دی تھی۔ کرپشن فری پاکستان جماعت اسلامی کا نعرہ اور جدوجہد کی اساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو سب سے بڑا خطرہ کرپشن سے ہے۔ احتساب اور شفافیت کی موجودہ طاقتور تحریک جماعت اسلامی کی بدولت ہے۔کرپشن ناسور ہے، پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ کرپشن سے ہے۔ کرپشن ہندوستان اور امریکا سے بھی بڑھ کر خطرہ ہے۔ کرپٹ ٹولے نے ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک منتقل کردی ہے۔ اگر بلا تفریق اور بے رحمانہ احتساب کیا جائے اور لوٹی ہوئی دولت ملک میں واپس لائی جائے تو پاکستان کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔