فالو آن کی شکار سری لنکن ٹیم نے دوسری اننگز میں 209رنز بنالیے

320

کولمبو (جسارت نیوز) سری لنکن ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں فالو آن کا شکار ہو گئی، میزبان ٹیم نے تیسرے روز بھارت کے خلاف دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 230 رنز درکار ہیں اور اس کی ابھی 8 وکٹیں باقی ہیں، 7 کے اسکور پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد کوسل مینڈس اور دیمتھ کرونارتنے سورماؤں کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 191 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو تباہی سے بچایا، مینڈس 110 رنز بنا کر نمایاں رہے، کرونارتنے 92 اور پشپاکمارا 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، دریں اثناء سری لنکن ٹیم بھارت کی پہلی اننگز 622 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 183 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اسے فالو آن کی خفت سے دوچار ہونا پڑا، ایشون نے 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا۔ گزشتہ روز کولمبو ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم کی پہلی اننگز میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا، نیروشن ڈکویلا کے سوا آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بولرز کے سامنے سنبھل کر نہ کھیل سکا، ڈکویلا 51 رنز بنا کر نمایاں رہے، میتھیوز 26، دھانن جایا ڈی سلوا صفر، پریرا 25، ہیراتھ 2 اور فرننڈو صفر پر آؤٹ ہوئے، ایشون نے 5 جبکہ محمد شامی اور روندرا جدیجہ نے 2، 2 اور یادیو نے ایک وکٹ حاصل کی، بعدازاں سری لنکن ٹیم نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا لئے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 230 رنز درکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں، کرونارتنے 92 اور پشپاکمارا 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، اومیش یادیو اور ہرڈیک پانڈیا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔