ن لیگ نے اپنی ہی جماعت کے لوگوں کو دھوکا دیا‘ شاہ محمود قریشی

254

لاہور(نمائندہ جسارت)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ 45 دن کا وزیر اعظم 47 رکنی کابینہ نہیں بنا سکتا،پہلے ہی پیش گوئی کردی تھی کہ شاہد خاقان عباسی بقیہ مدت تک وزیر اعظم ہوں گے۔ شہباز شریف اگر وفاق میں آتے تو پنجاب میں ان کے پاس مضبوط امیدوار نہیں تھا۔(ن) لیگ نے اپنی ہی جماعت کے لوگوں کو دھوکا دیا۔آئین فوج اور عدلیہ پر تنقید کی اجازت نہیں دیتا،حکمران غیرمتعلقہ معاملات کو ہوا دے رہے ہیں۔نوازشریف نااہل ہوچکے ہیں،ان کے لیے سرکاری مشینری استعمال نہیں ہونی چاہیے۔چودھری سرور این اے 120 سے نہیں ، آئندہ انتخابات میں 118 سے امیدوار ہوں گے ۔دینی درس گاہ جامعہ خیرالمدارس میں واٹرفلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب کے بعد وفاق المدارس کے ناظم اعلیٰ قاری حنیف جالندھری اور چودھری سرور کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہا کہ حکمران غیر متعلقہ معاملات کو ہوا دے رہے ہیں۔ جمہوریت اور احتساب کا عمل ساتھ ساتھ چلتا ہے، کرپٹ عناصر کی بیخ کنی سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کی نا اہلی کے بعد ان کے لیے سرکاری مشینری استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دینی مدرسے میں واٹرفلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے صاف پانی سے پورا علاقہ مستفید ہو گا۔واٹرفلٹریشن پلانٹ کی تنصیب پروفاق المدارس کے ناظم اعلیٰ و جامعہ خیرالمدارس کے مہتمم قاری حنیف جالندھری نے شاہ محمودقریشی اور چودھری سرور کا شکریہ ادا کیا۔