نااہل وزیر اعظم کا سرکاری ذرائع استعمال کرنا سوالیہ نشان ہے

254

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ احتساب کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک اب فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ قومی خزانے کو لوٹنے والے بہت جلد اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں۔ جماعت اسلامی اس ملک میں کسی فرد واحد کی حکمرانی نہیں بلکہ اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے روز اول سے جدوجہد کررہی ہے۔ ہم اس ملک سے سودی نظام کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔ وہ جماعت اسلامی دھمیال سرکل اور مسجد اویس شہید واہ کینٹ میں دینی اجتماعات سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر نائب امیر ضلع محمد وقاص خان، ظفر الحسن جوئیہ، انعام الحق اعوان، تاج عباسی ودیگر ذمے داران بھی اجتماع میں شریک تھے۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ نواز شریف کو ممتاز قادری شہید کو پھانسی، ڈاکٹر عافیہ کی عدم رہائی اور ملک بدری کے دوران مسجد نبویﷺ میں کیے گئے، اسلامی نظام کے قیام کے وعدے ایفا نہ کرنے کی سزا ملی ہے، وہ کہتے تھے اگر مجھے اللہ نے موقع دیا تو میں ملک میں اسلامی نظام نافذ کروں گا لیکن مسلسل موقع ملنے کے باوجود انہوں نے سود کا خاتمہ نہیں کیا بلکہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے ساتھ کیے وعدے نبھانے کے بجائے بغاوت کی راہ اختیار کی۔ اللہ اور رسولﷺ کے ساتھ اعلان جنگ کرنے والوں کا انجام ذلت و رسوائی کے سوا اور کیا ہوسکتا ہے اس لیے اب ہم کہتے ہیں کہ نواز اللہ تعالیٰ کی پکڑ میںآئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ سے نااہل کیے گئے نااہل وزیر اعظم کے لیے سرکاری ذرائع کا استعمال بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ن لیگ تصادم کی جانب گامزن ہے، لیکن اس کا نقصان جہاں ملک وقوم کو ہوگا، مسلم لیگ ن بھی اس کے اثرات سے بچ نہیں پائے گی۔ قوم سینیٹر سراج الحق اور جماعت اسلامی کی شفاف قیادت کی پشتیبان بنے تاکہ ملک سے چور بازاری اور مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔