پاکستان کے لیے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے

244

بدین (نمائندہ جسارت) جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے مرکزی قائم مقام منتظم اعلیٰ محمد الطاف کشمیری نے کہا ہے کہ جمعیت طلبہ عربیہ ملک بھر کے دینی مدارس میں جشن آزادی پاکستان جوش وخروش سے منائے گی، ملک بھر دینی مدارس میں سبز ہلالی پرچم لہرائے جائیں گے اور کنونشن و سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔ ان خیالات اظہار انہوں نے بدین پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک مملکت خداداد ہے جو کہ کلمے کے بنیاد پر حاصل کیا گیا تھا، اس کا مقصد اللہ تعالیٰ کی دھرتی پر رب کا نظام نافذ کرنا ہے لیکن ہمارے حکمرانوں کی نااہلی کے باعث پاکستان جس مقصد کے لیے حاصل کیا گیا وہ مقصد پورانہ ہوسکا، ملک پاکستان میں تہذیب کے نام پر مغربیت کا پرچار کیا جارہا ہے، ملک پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا، پاکستان مسلمانوں کا ملک ہے۔ مسلمانوں نے لاکھوں قربانیاں دے کر یہ ملک پاکستان حاصل کیا، ہم پاکستان کے لیے کسی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کے نہ ہونے تک مدارس کے طلبہ اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور حکومت میں طاغوتی قوتیں اسلام کے خلاف سازشیں کرنے کی کوشش کررہی ہیں اور مدارس کے طلبہ کو بدنام کرنے کے در پر ہیں اور مدارس میں قرآن و سنت کا علم حاصل کرنے والے طلبہ کا تعلق دہشت گردی سے جوڑا جارہا ہے۔ مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ بورڈ میں پوزیشنیں حاصل کرکے نمایاں کردار ادا کررہے ہیں اور مدارس کے طلبہ میڈیکل کالج، انجینئرنگ کالجز اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں، مدارس کے طلبہ ڈاکٹرز، انجینئرز کے علاوہ ہر شعبے میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سازشوں اور دباؤ کے باوجود اس سال بھی پانچ لاکھ سے زائد طلبہ نے مدارس عربیہ میں داخلے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا جمعیت طلبہ عربیہ دین کے علم کی حفاظت اور اس کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس کے لیے اب شہر شہر جاکر اپنا پیغام نوجوانوں تک پہنچا رہے ہیں۔ اس موقع پر جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے منتظم جلال الدین منصوری، جماعت اسلامی ضلع بدین کے نائب امیر پروفیسر علی احمد بلیدی، منتظم ضلع بدین طارق محمود اور ناظم رابطہ الاخوان ضلع بدین فتح خان کھوسہ بھی موجود تھے۔