وزیر خزانہ کا ٹیکس نیٹ اور ڈائریکٹ ٹیکس پر انحصار بڑھانے پر زور 

329

اسلام آ باد ( آ ئی این پی)وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ٹیکس نیٹ اور ڈائریکٹ ٹیکس پر انحصار بڑھانے پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے فیڈرل بور ڈ آ ف ریو نیو( ایف بی آر) رواں مالی سال کے جولائی کے محصولات کے ہدف کو پورا کرنے پر کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیاکہ ایف بی آ ر کارکردگی کے حوالے سے اس رجحان کو آئندہ کے مہینوں میں بھی برقرار رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس دہندگان کا اعتماد بڑھانے اور ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لیے ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کو ترجیح دی جائے۔ ہفتہ کو وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار نے فیڈرل بور ڈ آ ف ریو نیو میں چیف کمشنرز کانفرنس کے اجلاس کی صدارت کی اور جولائی 2017ء تک محصولات جمع کرنے کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا۔ وزیر خزانہ کو آ گاہ کیا گیا کہ ایف بی آ ر نے جولائی تک مختص کیے گئے ہدف سے زیادہ محصولات جمع کیے ہیں۔ اسحاق ڈار نے ایف بی آ ر کی جانب سے رواں مالی سال کے جولائی کے لیے مختص محصولات کے ہدف کو پورا کرنے پر کارکردگی کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیاکہ ایف بی آ ر کارکرگی کے حوالے سے اس رجحان کو آئندہ کے مہینوں میں بھی برقرار رکھے گی۔ انہوں نے ایف بی آ ر کی جانب سے محصولات کے لیے سالانہ ہدف کو پورا کرنے کے لیے ماہانہ، سہ ماہی اور سالانہ بنیادوں پر اہداف مقرر کرنے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ اس فیصلے سے محصولات کے ہدف کو پورا کرنے میں مدد ملے گی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو پذیرائی اور انعام دینے کی بنیاد بنے گی۔