گودام چورنگی تا قائد آباد سڑک تعمیر کی جائے

167

کورنگی گودام چورنگی تا قائد آباد تک کی سڑک مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اس سڑک پر بارش کا پانی کھڑا ہے، جس میں سیوریج لائنوں کا پانی بھی شامل ہوگیا ہے جس سے سخت تعفن اور بدبو بھی پھیل رہی ہے۔ جگہ جگہ سڑک پر بڑے بڑے گڑھے پڑے ہوئے ہیں، چناں چہ سڑک سے گزرنے والا ٹریفک ہر وقت جام رہتا ہے اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کام کرنے والے بھی اپنے گھروں کو پہنچنے میں اور شہر کے دوسرے علاقوں سے آنے والی گاڑیاں اور اُن کے مسافر بدترین مشکلات سے دوچار ہیں، طویل دورانیے کا ٹریفک جام ہو جانا روز کا معمول بن گیا ہے اور یہ صورت حال کسی خاص وقت کی نہیں بلکہ دن میں زیادہ تر وقت اس سڑک پر ٹریفک جام ہی رہتا ہے۔ شہر کے متعدد علاقوں سے کورنگی جانے والے افراد کے لیے زیادہ قریبی سڑک کم وقت میں منزل طے کرکے محنت کشوں کو اپنے گھروں تک پہنچانے میں معاونت کرتی ہے لیکن ہمارے لیے افسوس کا مقام ہے کہ ہم محنت کشوں کو آسانیاں پیدا کرنے کے بجائے مشکلات سے دوچار کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کی توجہ اہم عوامی مسائل کی جانب مبذول کرائی جاتی ہے تا کہ وہ ازخود مسائل زدہ علاقوں میں جائیں اور جائزہ لیں اور پھر وہ ان مسائل کو حل کرنے کے احکامات صادر کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ فی الفور اس سڑک کی استرکاری کے احکامات جاری کریں۔
صغیر علی صدیقی، کراچی