حکومت سندھ اختیارات و فرائض واضح کرے،میئر کراچی

151

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ بلدیاتی اداروں کے اختیارات و فرائض واضح کرے ،کئی شہری ادارے ایک دوسرے کے کاموں میں مداخلت کررہے ہیں ۔ یہ بات انہو ں نے کے ایم سی آفیسرز ویلفےئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اسپورٹس کمپلیکس میں اسپیشل بچوں کے ساتھ پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سہیل رفیق، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، میڈیا کمیٹی کی چیئرپرسن سبحین غوری، فلم اسٹار جاوید شیخ، اداکار بہروز سبزواری اور اسپیشل بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی، انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ایک جنگ لڑرہی ہے ، ہمیں کوئی بھی توڑ نہیں سکتا، 14 اگست تک جشن آزادی کی تقریبات منعقد کریں گے ،انہوں نے کہا کہ اسپیشل بچے اس قوم کا حصہ ہیں ، اسپیشل بچوں کے لیے رائج قوانین پر عمل ہوناچاہیے،اسپیشل بچوں کیلیے اسپتال بننے چاہییں۔ میئر کراچی نے کہا کہ عوام مشکلات میں ہیں، ان کی مشکلات دور ہونی چاہئیں۔ جاوید شیخ نے کہا کہ 14 اگست کو ہر گھر پر قومی پرچم لہرایا جائے ، ہمیں پوری دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔ بہروز سبزواری نے کہا کہ جشن آزادی شایان شان طریقے سے مناکر دہشت گردوں کو پیغام جائے کہ پاکستان کے محافظ موجود ہیں ۔ اس موقع پر اسپیشل بچوں نے مختلف نغموں پر ٹیبلوز پیش کیے ۔ بعد ازاں میئر کراچی نے سوک سینٹر کے سامنے پرچم کشائی کرتے ہوئے کہا کہہم سب کی کوشش ہونی چاہیے کہ پاکستان کا جھنڈا سربلند رہے ۔