بھارت جنگی جنون میں مبتلاہوکر خطے کے امن وامان کو تہہ وبالاکرنا چاہتاہے‘ میاں مقصود

183

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے کہاہے کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ کھڑے کردیے ہیں ۔ آئے روز مظالم کی نئی داستانیں رقم ہورہی ہیں۔ وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کشمیرکے بارے میں بیان خوش آئند ہے مگر حکومت کومحض زبانی جمع خرچ سے کام نہیں لینا چاہیے بلکہ جموں وکشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے عملی سطح پر اقدامات کرنے چاہئیں۔یہ حکومت پاکستان کی اخلاقی اور آئینی و قانونی ذمے داری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزلاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی مسلسل ہٹ دھرمی کے باعث جنوبی ایشیاکے امن کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ انڈیا نے کشمیر میں آٹھ لاکھ فوج کوکالے قوانین کے استعمال کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔چین کے ساتھ محاذ آرائی کو شروع کرکے بھارت نے یہ ثابت کردیا ہے کہ اس پر جنگی جنون سوار ہوچکا ہے۔ بھارت کے اصل گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے دریاؤں پر62سے زائد ڈیم تعمیر کرچکا ہے جس سے جہاں ایک طرف پاکستان کی زرخیز زمین بنجر ہوجائے گی وہاں دوسری طرف ملکی مسائل میں اضافہ بھی ہوجائے گا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان کالاباغ ڈیم سمیت نئے آبی ذخائر تعمیر کرے تاکہ بھارت کی آبی جارحیت کاسدباب کیاجاسکے۔کالاباغ ڈیم پاکستان کی بقاء کامسئلہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کسی صورت میں بھی نہیں چاہتاکہ پاکستان میں خوشحالی آئے اس لیے وہ مختلف اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے دشمنی پر مبنی پالیسیاں مرتب کرکے خطے میں چودھراہٹ کے خواب دیکھ رہا ہے مگر اس کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے وہاں سے نکلنے والے دریاپاکستان کی زمینوں کو سیراب کرتے ہیں۔اس سے دستبرداری کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے لیے بھارت پر دباؤبڑھائے۔