جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں مضبوط امیدوار اتاریگی‘ مشتاق احمد خان

253

پشاور(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتا ق احمد خان نے کہا کہ تمام جماعتیں پاناما ، اقامہ ، آف شور کمپنیوں اور بیرون ملک اکاؤنٹس میں ملوث ہیں۔ شفاف اور دیانتدارقیادت صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے۔جماعت اسلامی 2018ء کیلیے مضبوط امیدواروں کو میدان میں اتارے گی۔ ملک میں سب سے بڑی اور منظم خواتین اور نوجوانوں کی تنظیمیں جماعت اسلامی کے پاس ہیں۔ 2018ء کے انتخابات میں یہ قوت کلیدی کردار ادا کرے گی۔اس وقت عوام کی نظریں جماعت اسلامی پر ہیں۔ انتخابات میں خیبر پختونخوااور فاٹا میں حیران کن نتائج دیں گے، مضبوط تنظیم اور مخلص کارکنوں کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ کوئی پارٹی بھی جماعت اسلامی کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔پاکستان کے اوپر موجودہ قرضوں کا حجم، مہنگائی اور لوڈشیڈنگ سیاسی جماعتوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ہم ایسا پاکستان دیں گے جو غلامی سے آزاد اور ترقی یافتہ ہوگا جس میں کوئی بچہ تعلیم اور کوئی مریض علاج سے محروم نہ ہوگا ،ہر پاکستانی اپنے گھر اور چھت کا مالک ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی مجلس شوریٰ کے دوسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور فاٹا کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام کرپٹ لوگوں کا احتساب چاہتی ہے۔ سب کا احتساب جماعت اسلامی کانعرہ ہے ،پاناما لیکس میں500افراد کے کیسز منطقی انجام تک پہنچائے جائیں گے۔کرپشن کے خلا ف کیس مزید شدت کے سا تھ عدالتوں اور میڈیا میں لڑاجائے گا ۔ گزشتہ 35سال کے دوران قرضے معاف کرانے والوں اور لوٹ مار کے ذریعے قو می دولت لو ٹنے والوں کا یوم احتساب آن پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں نے عوام کی دولت لوٹ کر اور قومی خزانے پر ڈاکا ڈال کر دولت بیرون ملک منتقل کی ہے۔ اگر ان سب کا کڑا احتساب ہو اور یہ دولت واپس لائی گئی تو ملک کے تمام قرضے ادا ہوجائیں گے۔ اگر ملک کو ان مگرمچھوں سے نجات ملی تو پاکستان اس قدر خوشحال ہوگا کہ دوسرے ممالک کو قرضے دے گا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ صا د ق ا ور امین کی شرط عائد کرنے والی آئین کی دفعات 62اور63 کو نکالنے کے خلاف تمام تر سازشوں کو نا کام بنایا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ اگلے عام انتخابات میں پار ٹی اُ میدواروں کے حوالے سے مشاورت کاعمل جاری ہے اور اس حوالے سے جلد اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں ملک میں ایک بیداری کی لہر چل پڑی ہے جس کے نتیجے میں کرپٹ لوگوں کا یہاں مزید رہنا ممکن نہیں رہا۔ جماعت اسلامی عوام کو منظم کرکے نیک اور ایماندار لوگوں کو حکومت کی ذمے داری سونپنا چاہتی ہے۔