پیرس میں ایفل ٹاور کے قریب چاقو بردار مشتبہ شخص گرفتار

213

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع تاریخی ایفل ٹاور کی حدود سے ایک چاقو بردار مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ایفل ٹاور کے انتظام کی ذمے دار کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ شخص بظاہر اکیلا تھا اور اس کو بہت جلد قابو پاکر گرفتار کر لیا گیا۔ یہ واقعہ ہفتے کی شب ساڑھے گیارہ بجے کے قریب پیش آیا تھا اور معمول کے مطابق اس وقت سے آدھے گھنٹے کے بعد رات 12 بجے ٹاور میں زائرین کا داخلہ بند کردیا جاتا ہے۔ اس مشتبہ شخص کی گرفتاری کے بعد پولیس نے ایفل ٹاور کی جگہ کی مکمل تلاشی لی اور اس کو معمول کے مطابق بندش سے 15 منٹ قبل ہی خالی کرنے کی ہدایت کی۔ اس واقعے کے وقت ٹاور کو پیرس کی سینٹ جرمین فٹ بال ٹیم کے رنگوں سے روشن کیا گیا تھا اور اس درانداز شخص نے بھی اس ٹیم کے رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی۔ واضح رہے کہ فرانس میں نومبر 2015 ء میں پیرس کے ایک ریستورانوں، ایک کنسرٹ ہال اور ایک اسپورٹس اسٹیڈیم پر دہشت گردی کے حملوں کے بعد سے ہنگامی حالت نافذ ہے۔ان حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ فرانس میں جنوری 2015ء کے بعد سے دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 239 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
پیرس ؍ چاقو بردار