نواز شریف ،شہباز کو وزیر اعظم نامزد کرنے پر تذبذب کا شکار

208

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو وزیر اعظم نامزد کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھنے یا نظرثانی کے معاملے پر تذبذب کا شکار ہیں۔پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو رائے دی ہے کہ شہباز شریف کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے نہ ہٹایا جائے، انہیں صوبے میں حکومت کے انتظامی معاملات پر مکمل گرفت حاصل ہے اگر کسی اور رہنما کو اس عہدے پر نامزد کیا گیاتو پنجاب میں پارٹی کی گرفت کمزور ہو سکتی ہے جس کا فائدہ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کو ہو سکتا ہے جبکہ صوبائی سطح پر گروپ بندی کا بھی خدشہ ہے۔ اگر شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کیا جاتا ہے تو پھر حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جائے۔لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے رانا ثنا اللہ، مجتبیٰ شجاع الرحمن، رانا اشفاق سرور اور ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کے ناموں پر غورکیا گیا، پارٹی کے ایک رہنما کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام کا حتمی فیصلہ جلد ہوگا۔