خطے کا امن کشمیر سے مشروط ہے‘ خواجہ آصف

392

سیالکوٹ(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت سمیت خطے کا امن کشمیر سے مشروط ہے، ہم کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے ۔اتوار کو پیرس روڈ پر واقع مسلم لیگ ن کے آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم ہے،کشمیر ی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کا حق مانگتے ہیں ‘کشمیری ہمارے بھائی ہیں‘ ہم ان کی اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت مغربی سرحد پر حالات خراب کرکے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے حالانکہ ہم بھارت کے ساتھ حالات معمول پر لانا چاہتے ہیں لیکن اس کی جانب سے مثبت جواب نہیں مل رہا۔اگر بھارت امن نہیں چاہتا توہم اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ وزیر خارجہ کے بقول نئی دہلی کی مسلسل ہٹ دھرمی سے57 سال سے سندھ طاس معاہدے میں مشکلات پیش آرہی ہیں،بھارت کے علاوہ دیگر ممالک خصوصاً امریکا بھی اس پر اثر انداز ہو رہا ہے جس سے معاہدہ خطرات سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کی شقوں کے مطابق پاکستان کو ڈیم کی فلنگ کے وقت اعتماد میں لیا چاہیے تھا جوکہ نہیں لیا گیا۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ ڈیڑھ برس قبل کشن گنگا ڈیم کاتنازع حل ہو گیا تھا جبکہ تعطل کے دوران بھارت نے 3بار اس کی فلنگ کی اور ہم نے اس معاملہ کو عالمی بینک کے سامنے اٹھا یا ہے جوکہ اس معاہدہ کا ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریتلے ہائیڈل پاور پروجیکٹ پر پاکستان اعتراضات رکھتا ہے جبکہ کشن گنگا اور ریتلے پروجیکٹ علیحدہ علیحدہ معاملہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہا ہے اور وہ افغانستان سے دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے اور یہ تعلقات صرف ہماری خواہش پر نہیں ہوں گے کیونکہ اس سے پائیدار امن کو فروغ نہیں مل سکتا اور اس وجہ سے برصغیر کی سلامتی کو بھی شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی پہلے سے بہت کم ہوگئی ہے دہشت گردی میں کمی کے لیے پاک فوج کی قربانیوں کا بہت اہم کردار ہے جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اس ملک کو دہشت گردوں کے ناپاک عزائم سے بچایا ۔