چیف منسٹر جشن آزادی کرکٹ کپ‘ لاہور فالکنز نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

190

لاہور(جسارت نیوز)اسپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سے چیف منسٹر جشن آزادی کرکٹ کپ 2017ء لاہور فالنکنز نے سیالکوٹ ا سٹالیئنز کو 16رنز سے شکست دے کر جیت لیا،فائنل میچ میں مہمان خصوصی وزیر کھیل پنجاب جہانگیر خانزادہ ، ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن، ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز اسپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس اور ڈائریکٹر اسپورٹس محمد انیس شیخ نے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اور کوچز میں انعامات تقسیم کئے ،ڈائریکٹر جنرل ا سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کرکٹ کپ میں نوجوان کرکٹرز کا کھیل دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، کرکٹ اکیڈمیز جس مقصد کیلئے قائم کی گئی ہیں وہ مقصد پورا ہوتے نظر آرہا ہے، ٹورنامنٹ میں پنجاب سے 8ٹیموں نے حصہ لیا اور تمام کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ہونیوالے چیف منسٹر جشن آزادی کرکٹ کپ کے فائنل میں لاہور فالکنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 184رنز بنائے، اوسید امین نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 63 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے،رمیز مصطفیٰ نے 53 اور فیصل علی نے 23رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنادی، سیالکوٹ اسٹالیئنز کی جانب سے طاہر بیگ نے 29رنز دیکر 2، محمد زاہد نے 14رنز دیکر 2، محمد علی نے 41رنز دیکر 2وکٹیں حاصل کیں، اس کے جواب میں سیالکوٹ ا سٹالیئنز 19 اوور میں 168رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔مومن وقار نے 59رنز اور عبداللہ شفیق نے 24رنز بنائے، لاہور فالکنز کی جانب سے حارث اشرف نے 35رنز دیکر 5، زاہد عالم نے 37رنز دیکر 2، دانیال اور محمد رضوان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔حارث اشرف مین آف دی میچ قرار پائے۔ قبل ازیں دونوں ٹیموں کا مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ سے تعارف کرایا گیا، اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز اسپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کرکٹ کے فروغ کیلئے کرکٹ اکیڈمیز قائم کی ہیں، ان کے ویژن کے مطابق نوجوان کرکٹرز کو تربیت دے رہے ہیں، نوجوان بہت محنت کررہے ہیں اور ان کے کھیل میں بہت بہتری آئی ہے، ہم پرامید ہیں کہ نوجوان مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کرینگے۔