عدالت عظمیٰ اسی جے آئی ٹی کو ماڈل ٹاؤن کا کیس دے‘ طاہر القادری

347

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں جو لوگ شہید اور زخمی ہوئے ان کا قصور کیا تھا، ظالم حکمرانوں نے بے گناہ لوگوں کی لاشیں گرائیں،اللہ کی طرف سے مواخذے اور انتقام کا وقت آگیا ہے، عدالت عظمیٰ اسی جے آئی ٹی کو ماڈل ٹاؤن کا کیس دے، اصل قاتل کاپتاچل جائے گا، تحریک قصاص کا اگلا دھرنا آخری ہوگا۔ لاہور کے ناصر باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے جس میں کہا گیا ہے کہ ماڈل ٹاؤن سانحے میں پنجاب حکومت ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص اقتدار سے برطرف ہوا اور پوچھتا ہے کہ میرا قصور کیا ہے، پارلیمنٹ کے فلور اور عدالت عظمیٰمیں جھوٹ بولا گیا، تحقیقاتی کمیٹیوں نے آپ کو پورا وقت دیالیکن آپ نے قوم کو دھوکا دیا، جعلی کاغذات بنائے گئے اور قطری خط لائے۔عدالت عظمیٰ اسی جے آئی ٹی کوماڈل ٹاؤن کاکیس دے،اصل قاتل کاپتاچل جائے گا۔طاہر القادری نے کہا کہ عدالت عظمیٰنے لکھا کہ یہ جھوٹااور بددیانت شخص ہے، عدالت عظمیٰ نے آپ کونااہل کیا، شکر کرو جیل نہیں بھیجا،آپ گھر بیٹھنے کے بجائے ڈھٹائی سے جی ٹی روڈ پر آنے کی بات کرتے ہیں،میری بات سن لی ہے تو ریلی منسوخ کردیں ، جس آزاد عدلیہ کے لیے مہم چلائی اسی نے یہ فیصلہ دیا ہے اور آپ کہتے ہیں 5 آدمی گھر بھیج دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب کچھ آپ کے ہاتھ میں ہے اور کہتے ہیں جمہوریت نہیں،کیا جمہوریت سلطنت شریفیہ کا نام ہے۔طاہر القادری نے کہا کہ ہائیکورٹ میں ہماری اپیل کی سماعت نہیں ہورہی، شہباز شریف اگلی باری آپ کی ہے، مظلوم لوگوں کا اللہ ہی آسرا ہے۔لڑتے لڑتے مر جاؤں گا لیکن قصاص پر سمجھوتا نہیں کروں گا،تحریک قصاص کا اگلا دھرنا آخری ہوگا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ جی ٹی روڈ پر ریلی نکال کر فوج سے نواز شریف کیلیے این آر او اور محفوظ راستہ مانگ رہی ہے مگر جو کوئی بھی محفوظ راستہ دے گا قوم اس کے سامنے کھڑی ہوجائیگی،نواز شریف کو شہدائے ماڈل ٹاؤن کی بد دعا لگی ہے۔شاہد خاقان عباسی صرف کمیشن نہیں لیتا بلکہ ایل این جی منصوبے میں حصے دار بھی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرپشن کے خلاف تحریک رکے گی نہیں،نواز شریف کی جی روڈ ریلی جمہوریت کے خلاف سازش ہے،وہ جمہوریت کی بساط لپیٹنا چاہتے ہیں،ملک میں انصاف کا سورج طلوع اور ن لیگ کا غروب ہورہا ہے،انہوں نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئین اور قانون کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کی ہے جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔