تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ ‘جدیجہ دنیا کے نمبر ایک آل راؤنڈر بن گئے

430

دبئی(جسارت نیوز) بھارتی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، جنوبی افریقا دوسرے، انگلینڈ تیسرے اور پاکستان چھٹے نمبر پر برقرار ہے، بھارت کے روندرا جدیجہ دنیا کے نمبر ایک آل راؤنڈر بن گئے، انہوں نے شکیب الحسن سے ٹاپ پوزیشن چھینی ہے، بلے بازوں میں چیتشور پوجارا نے ایک سیڑھی چڑھ کر کین ولیمسن کو چوتھے نمبر پر دھکیل دیا، اجنکیا راہانے 5 درجے ترقی پا کر ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے، دیمتھ کرونارتنے کی12 درجے ترقی ہوئی ہے جبکہ کوسل مینڈس 10 درجے چھلانگ لگا کر ٹاپ 20 میں شامل ہو گئے، بولنگ کے شعبے میں معین علی کی بھی ٹاپ 20 میں انٹری ہوئی ہے۔ آئی سی سی نے انگلینڈ اور جنوبی افریقا، بھارت اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچز ختم ہونے کے بعد نئی رینکنگ جاری کر دی جس کے تحت بھارتی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے، جنوبی افریقن ٹیم انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں 3-1 سے شکست کے باوجود دوسرے نمبر پر برقرار ہے، انگلش ٹیم کا تیسرا نمبر ہے، آسٹریلیا چوتھے، نیوزی لینڈ 5ویں اور پاکستان چھٹے نمبر پر موجود ہے، بلے باوں میں اسٹیون ا سمتھ سرفہرست اور جوروٹ دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، پوجارا ایک درجے اوپر چڑھ کر تیسرے نمبر پر آ گئے، راہانے 5 درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے، ان کا چھٹا نمبر ہے، اظہر علی تنزلی کے بعد دوبارہ 8 ویں نمبر پر چلے گئے، کرونارتنے 12 درجے ترقی کے ساتھ 36ویں سے 24 ویں نمبر پر آ گئے، کوسل مینڈس 10 درجے چھلانگ لگا کر 29 ویں سے 19 ویں نمبر پر آ گئے، بولرز میں جدیجہ سرفہرست ہیں، جیمز اینڈرسن نے ایشون کو دوسری پوزیشن سے دھکیل دیا، معین علی ترقی پا کر 18 ویں نمبر پر آ گئے جبکہ بین اسٹوکس تنزلی کے بعد ٹاپ20 سے باہر ہو گئے، آل راؤنڈرز میں جدیجہ نے شکیب الحسن سے ٹاپ پوزیشن چھین لی، معین علی دنیا کے چوتھے بہترین آل راؤنڈر بن گئے۔ 899 کی اوسط سے بھارت کے روندرا جدیجا پہلی پوزیشن پر موجود ہیں،آل راؤنڈر کی فہرست میں بھارت کے ہی روندرا جدیجا 438 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ بنگلادیش کے شکیب الحسن 431 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔