کراچی ترقیاتی پیکیج ترتیب دیا جا رہا ہے،گورنر سندھ

200

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر کی زیر صدارت گورنر ہاؤس میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں وفاقی فنڈنگ سے جاری میگا پروجیکٹس K-IV ، لیاری ایکسپریس وے اور گرین لائن منصوبے سے متعلق گورنر سندھ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ، جس پر گورنر سندھ نے اپنے اطمینان کا اظہار بھی کیا ۔ اجلاس میں میئر کراچی وسیم اختر ، میئر حیدرآباد طیب حسین، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا، اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، کنور نوید ، مزمل قریشی ودیگرشریک تھے ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کی شہ رگ اور معاشی حب ہے جس کی ترقی کے لیے وفاق ہر ممکن وسائل بروئے کار لارہا ہے۔ اس ضمن میں کراچی ترقیاتی پیکیج کے تحت شہر میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی ، میگا پروجیکٹس اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے تعمیر کیے جائیں گے ۔ کراچی ترقیاتی پیکیج ترتیب دیا جارہا ہے، جس کا وزیراعظم آئندہ چند روز میں کراچی کا دورہ کرکے اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد وفاقی حکومت شہر میں ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے تاکہ آپریشن کے ثمرات عوام تک پہنچائے جا سکیں ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ، نجی سیکٹر کے فعال کردار ، نئی نئی انڈسٹریز کے قیام اور تجارتی و کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے باعث شہر میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی نا گزیر ہو چکی ہے بالخصوص صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کا سب سے زیادہ فائدہ دو بندر گاہ کے حامل شہر کراچی کو حاصل ہوگا ، منصوبے کی تکمیل کے بعد معاشی ، اقتصادی ، سماجی ، تجارتی اور سرمایہ کاری میں مزید تیزی سے اضافہ ہو گا ، منصوبہ سے قبل شہر میں انفرااسٹرکچر اور ذرائع آمد و رفت و نقل و حمل کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ، درست سمت میں ترقیاتی کاموں سے سی پیک منصوبے سے بھرپور طریقہ سے استفادہ کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی ترقیاتی پیکیج ترتیب دیا جا رہا ہے، جس کا وزیرا عظم آئندہ چند روز میں کراچی کا دورہ کرکے اعلان کریں گے ۔انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے مزید منصوبے بھی شروع کیے جائیں ۔