شاہدخاقان سے آرمی چیف کی ملاقات‘ ملکی دفاع سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

376

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو وزیرا عظم آفس میں ملاقات کی جس میں پاک فوج سے متعلق پیشہ وارانہ امورپر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے کہاکہ مادر وطن کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلانے کے لیے سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیوں پر قوم کو فخر ہے۔ علاوہ ازیں نجی ٹی وی کوانٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کی ریلی احتجاج نہیں وہ اپنے گھر لاہورجا رہے ہیں‘نواز شریف نے ریلی میں آنے سے منع ضرور کیا ہے لیکن پنجاب ہاؤس جاؤں گا‘ نوا زشریف میرے رہنماہیں ‘میرا فرض ہے کہ جب وہ یہاں سے چلیں تو میں وہاں موجود ہوں پھر جو انہوں نے کہا وہی کروں گا‘ آئندہ عام انتخابات بھی ن لیگ جیتے گی‘سیاسی جماعتوں کے درمیان میثاق معیشت بھی ہونی چاہیے‘ آرٹیکل 62 ون ایف میں ترمیم کے لیے اپوزیشن سے مل کر بل لاسکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کے لیے میرا نام سابق وزیراعظم نواز شریف نے تجویز کیا تھا جس کی سب نے تائید کی‘ آرٹیکل 62 ون ایف میں ترمیم کے لیے اپوزیشن سے مل کر بل لاسکتے ہیں‘ چودھری نثار سے بہترین تعلقات ہیں اور انہیں کابینہ کا حصہ ہی سمجھا جائے‘ آج گالم گلوچ کی سیاست عام ہوچکی ہے‘ نومبر2017ء کے بعد ملک میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی‘ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کے مفاد میں ہیں ‘نواز شریف کی پالیسیاں برقرار ہیں‘ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے‘ ایل این جی کے الزامات بہت پرانے ہیں۔ وزیراعظم کے جی ٹی روڈ جانے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سیکورٹی خطرات ہر جگہ ہوتے ہیں‘ اگر سیاست میں رہنا ہے تو ان حالات سے مقابلہ کرنا ہوتا ہے‘نواز شریف کی نااہلی بڑا دھچکا تھا۔ دریں اثناوزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے منگل کو وزیر اعظم آفس میں توانائی کے شعبے کے بارے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاور ڈویژن اور پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ تھرمل پاور وسائل کے استعمال میں کمی کے لیے روڈ میپ تشکیل دیا جائے اورتوانائی کی پیداوار کے لیے قدرتی گیس اور ملکی کوئلے پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ صارفین کو سستی بجلی فراہم کی جاسکے۔ دریں اثنا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے محمد نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی آج اسلام آباد سے نواز شریف کولاہور کے لییروانہ کریں گے‘ پنجاب ہاؤس میں ان سے ملاقات کی روشنی میں ریلی کے ساتھ جانے نہ جانے کا فیصلہ کریں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے ملاقات کی‘ جس میں آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی‘ ملک کی سیاسی، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے جنوبی کوریا کی قومی اسمبلی کے اسپیکر چنگ سائیکیون کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی۔