چنائی(جسارت نیوز) سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز نے پاکستان کا دورہ نہ کرنے والی ٹیموں کو منافق قرار دے دیا۔چنائی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ کمنٹریٹر ڈین جونز نے دورہ پاکستان سے انکار کرنے والی ٹیموں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ منافقت کا مظاہرہ کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں لندن سمیت یورپ بھر کے مختلف شہروں میں دہشت گردی کے متعدد حملے ہوئے ہیں لیکن اس کے باوجود وہاں کھیلوں کے مقابلے منعقد ہورہے ہیں مگر بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں صرف پاکستان آنے سے ہی انکار کررہی ہیں، یہ تو کھلی منافقت ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے پاکستانی کرکٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس کی کارکردگی پہلے سے بہت بہتر ہوگئی ہے، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے اسے پیشہ ورانہ ٹیم بنادیا ہے، چیمپئنز ٹرافی کی کامیابی بھی پی ایس ایل سے سامنے آنے والے کھلاڑیوں کی مرہون منت ہے۔ڈین جونز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو فرسٹ کلاس کرکٹ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز چاہتے ہیں، کرکٹ میں نمبر ون ٹیم کا چکر نہیں ہوتا، بھارت پاکستان کا سامنا کیے بغیر نمبر ون ٹیسٹ ٹیم بنا ہے، میں چاہوں گا کہ دونوں کے درمیان ٹیسٹ سیریز ہو پھر دیکھتے ہیں کہ کون نمبر ون ہے۔