کیریبین پریمیئر لیگ‘ سینٹ لوشیا کو 4وکٹوں سے شکست‘ شاداب خان مین آف دی میچ قرار

194

پورٹ آف ا سپین (جسارت نیوز) کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں شاداب خان کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹرنبیگو اینڈ نائٹ رائیڈرز نے سینٹ لوشیا کو 4 وکٹوں سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 119 رنز کا ہدف 15.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، شاداب خان نے ناقابل شکست 30 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 4 اوورز میں 16 رنز کے عوض ایک وکٹ بھی لی تھی، انہیں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ پورٹ آف ا سپین میں کھیلے گئے لیگ کے چھٹے میچ میں سینٹ لوشیا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 118 رنز بنائے، آندرے فلیچر 40، ڈیرن سیمی 25 اور کامران اکمل 17 رنز بنا کر نمایاں رہے، کیون کوپر نے 3 ڈیوائن براوو نے 2 جبکہ شاداب خان، سنیل نارائن اور پائری نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں ٹرنبیگو اینڈ نائٹ رائیڈرز نے مطلوبہ ہدف 16 ویں اوور میں 6 وکٹوں پر پورا کیا، شاداب خان نے 30 اور سیئر لیس نے 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، شیلنگفورڈ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔