لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم ڈاکٹروں کے جائز مطالبات میں ان کے ساتھ ہیں، ان پر ظلم و تشدد بند کیا جائے، حکمرانوں کو اپنے کیے کا حساب دینا ہوگا۔ وہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر عاطف چودھری، ڈاکٹر شعیب نیازی، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر انجم بلوچ، سینئر نائب صدر حسن اعوان، جنرل سیکرٹری گجرات ڈاکٹر نقاش، ڈاکٹر ذیشان لاشاری اور ڈاکٹر دراب بھی شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکمران ضرور اللہ کی پکڑ میں آئیں گے اور انہیں ڈاکٹروں و مریضوں سے بدسلوکی کا بھی حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلے اسکولوں کو پرائیویٹ کر کے تعلیم کا بیڑا غرق کیا، اب سرکاری اسپتال شہبازشریف کے من پسند افراد کو ٹھیکے پر دیے جا رہے ہیں جبکہ ہم نے اسپتالوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو خود مختار کیا تھا۔ ڈاکٹر عاطف چودھری نے کہا کہ کہ شہبازشریف صحت کا بجٹ اورنج لائن پر لگا رہے ہیں جبکہ آپ کے دور میں ڈاکٹروں کو ان کے حقوق مل رہے تھے لیکن 2008ء میں جب ینگ ڈاکٹروں کو حقوق نہیں ملے تو وائی ڈی اے کا قیام عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جائے، ڈاکٹر ایڈہاک کے بجائے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے مستقل بھرتی کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنے حقوق اور اسپتالوں کی بہتری کے لیے احتجاج کرتے ہیں تو ہمیں خادم اعلیٰ کے حکم پر مارا جاتا ہے، ان کی ناقص پالیسیوں کے باعث پاکستانی ڈاکٹر سرکاری جاب چھوڑ کر بیرون ملک جا رہے ہیں جبکہ آپ کی حکومت میں ڈاکٹروں اور مریضوں کو بہترین سہولتیں اور مراعات حاصل تھیں جس کے باعث ڈاکٹر واپس پاکستان آ رہے تھے۔