یونیورسٹی روڈ‘ سمامہ شاپنگ سینٹر کے سامنے سیوریج کا پانی جمع

220

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) یونیورسٹی روڈ سمامہ شاپنگ سینٹر سے نیپاجانے والی سڑک پر ایک ماہ قبل غیرقانونی روڈکٹنگ کی گئی اوربارش کے بعدسے سیوریج کا پانی جمع ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بن گیا ہے، شہریوں بالخصوص طلبہ و طالبات کو آمد و رفت میں شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اداروں کے درمیان رابطوں کا فقدان شہریوں کے لیے وبال جان بن گیاہے۔ تفصیلات کے مطابق سمامہ شاپنگ سینٹر سے متصل سڑک پر کھدائی اور مختلف مقامات پر پڑنے والے گڑھوں میں سیو ریج کا پانی جمع ہو نے کی وجہ سے سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکا ر ہے جس کے باعث روزانہ ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں گھنٹوں بدترین ٹریفک جام میں پھنسی رہتی ہیں اور گاڑیوں میں سوار شہری اپنی منزلوں پر بروقت پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو پاتے۔شہریوں کو صبح گھر سے کام پرجانا ہو یا شام کے وقت دفاتر سے گھر،ٹریفک جام کا مسئلہ شہریوں کے اعصاب پر سوار ہوتا ہے۔اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی روڈ سمامہ شاپنگ سینٹر شہر کا گنجان تجارتی مرکز ہے اور اداروں میں رابطوں کے فقدان کے باعث ایک ماہ سے سیو ریج کا پانی سڑک پر جمع ہے لیکن میئر کراچی اور ضلع شرقی کے چیئر مین کی نظروں سے اوجھل ہے جس کی وجہ سے سڑک کی حالت روزانہ خراب سے خراب تر ہو تی جارہی ہے۔