چین میں زلزلہ‘ ہلاکتیں 19ہوگئیں

370
بیجنگ: چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں زلزلے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین میں شدید نوعیت کے زلزلے نے تباہی مچا دی ہے۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کی رات جنوب مغربی صوبے سیچوان کے دور افتادہ اور پہاڑی سلسلے میں 7.0 شدت کا ایک زلزلہ آیا۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے اس کی شدت 6.5 بتائی ہے، تاہم مقامی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ 7.0 شدت کا زلزلہ تھا۔ اس زلزلے کے نتیجے میں 6 سیاحوں سمیت 19 افراد کے ہلاک اور247 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے، تاہم حکومت نے زلزلے کے نتیجے میں 100 کے قریب ہلاکتوں اور ہزاروں افراد کے زخمی ہونے کے خدشہ ظاہر کیا ہے، جب کہ متاثرہ علاقے سے ساڑھے 31 ہزار سیاحوں سمیت 45ہزار افراد کو نکال دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زلزلے کا مرکز نگاوا کا علاقہ ہے، جہاں کی زیادہ تر تبتی باشندے آباد ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے صوبائی دارلحکومت شینگڈو میں بھی محسوس کیے گئے، جو زلزلے کے مرکز سے 284 کلومیٹر دور ہے۔ ادھر امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب چین کے شمال مغربی صوبے سنکیانگ میں بھی ایک 6.6 شدت کا زلزلہ آیا۔ اس زلزلے کے جھٹکے ہمسایہ ملک قزاقستان میں بھی محسوس کیے گئے۔ سنکیانگ میں اس زلزلے کے نتیجے میں 32افراد زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ چین کے مغربی علاقوں میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔ منگل کے روز آنے والا زلزلہ اس مقام سے زیادہ دور نہیں ہے، جہاں 2008ء میں 8.0 شدت کا تباہ کن زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں 87 ہزار لوگ ہلاک یا لاپتا ہوگئے تھے۔ خیال رہے کہ منگل کے روز ترکی کے ساحلی شہر بودرم میں بھی 5.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس زلزلے کا مرکز بودرم سے 15 کلومیٹر جنوب مشرق کی طرف تھا۔ اس زلزلے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔