افغان سرحد کے قریب جھڑپ‘ میجر سمیت 4اہلکار شہید‘ دہشت گرد گرفتار

338
لاہور: تیمر گرہ میں شہید ہونے والے میجر علی سلمان کے والد کوبیٹے کی بہادری پر قومی پرچم حوالے کیا جارہا ہے

لوئردیر( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک ) افغان سرحد کے قریب لوئر دیرمیں پاک فوج کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے جھڑپ کے نتیجے میں میجر سمیت 4اہلکار شہید ہوگئے ۔تازہ فوجی ہلاکتیں چند ہفتے قبل شروع کیے جانے والے نئے فوجی آپریشن ’’خیبرفور ‘‘کے بعد ہوئی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بدھ کو علی الصبح حساس ادارے کے میجر علی سلمانی کی سربراہی میں تیمر گرہ کے علاقے شیرات کئی میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ اس دوران ایک عسکریت پسند نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اوردوسرا فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیاجب کہ ایک دہشت گردکوحراست میں لے لیا گیا۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے دیگر اہلکاروں میں حوالدار غلام نذیر، حوالدار اختر اور سپاہی عبدالکریم شامل ہیں۔فوجی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی کو ناکام بنایا گیا۔علاوہ ازیں کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں شہید فوجی جوانوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں کور کمانڈر پشاور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوااور آئی جی سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی ۔ادھر وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے فوجی نوجوان کی شہادت پر گہرے دکھ درد ،غم و رنج اور شہداء کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار جبکہ دہشت گردوں کی کمر توڑنے کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی جوانوں پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے بلکہ جوانوں کے خون کا ایک ایک قطرہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے ارادے کا مظہر ہے اور بہت جلد اس ناسور سے چھٹکارا حاصل کرلیا جائے گا۔ علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے بھی پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پرگہری ہمدردی اورتعزیت کا اظہارکیاہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں، قوم اس کی معترف ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ قوم اپنی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو شکست دینے کے لیے ساتھ دے گی۔امیر جماعت اسلامی نے شہداء کے لیے بلند درجات کی دعاکی ہے۔