اسحاق ڈار سے افغان سفیر اور ائرچیف مارشل سہیل امان کی ملاقات

214
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے افغان سفیر ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل سہیل امان اور افغان سفیر عمر زاخیل وال نے الگ الگ ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں ائر فورس کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک افغان مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس پر بھی غور ہوا۔ وزارت خزانہ سے جاری ایک بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان ائر فورس کے ترقیاتی منصوبوں و پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے افغان سفیر عمر زاخیل وال کی ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی امور کے علاوہ دونوں اسلامی ممالک کے مابین معاشی تحفظات مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ یہ ملاقات کئی گھنٹوں پر محیط رہی ہے۔ افغان سفیر نے پاک افغان مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس فوری ہونے کی تجویز پیش کی ہے اس امر پر دونوں رہنماؤں نے مشاورت کی کہ پاک افغان مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس بلانے کی تاریخ کا تعین بعد میں کیا جائے گا اور دونوں ملکوں کی رضامندی سے جگہ اور وقت کا بھی تعین ہوگا۔ پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارتی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں اور گزرتے ہوئے دن کے ساتھ یہ تعلقات مزید مستحکم ہورہے ہیں۔