وزارت پیٹرولیم میں ایک ارب 18 کروڑ روپے کی کرپشن تشویشناک ہے،میاں مقصوداحمد

306
لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں وزارت پیٹرولیم میں ایک ارب 18 کروڑ روپے کی کرپشن کے انکشاف پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں ہر ادارہ کرپشن کی نذر ہوچکا ہے۔حکومت کرپٹ عناصر کو تحفظ فراہم کررہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ملک میں کرپٹ عناصر اور کمیشن مافیاکوکوئی پوچھنے والا نہیں۔حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عوام کی زندگی عملاً اجیرن ہو چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل 30 روپے میں خرید کر عوام کو 80 روپے میں فروخت کرنا بدترین کارکردگی کا مظہر ہے۔ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔ واپڈا بجلی کی ترسیل کمپنیوں کے ذمے 253ارب واجب الاداہیں جس کی وجہ سے ملک سے لوڈشیڈنگ کامکمل خاتمہ ممکن نہیں ہورہا۔موجودہ دور حکومت میں عوام کو کسی قسم کا ریلیف میسر نہیں۔حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت آج بھی ملک میں شارٹ فال7ہزارمیگاواٹ سے بڑھ گیا ہے جس سے لاہور سمیت صوبے بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں ناقابل برداشت حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔ احتسابی ادارے محض خانہ پوری کررہے ہیں۔احتساب کاعمل نوازشریف کی نااہلی پر رکنانہیں چاہیے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کرپٹ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں اس وقت روزانہ 12ارب روپے کرپشن ہورہی ہے جوکہ ملک میں بدعنوانی،رشوت ستانی اورکرپشن کے خاتمے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اداروں کو ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے اوراپنے متعین دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔ آپس کی محاذ آرائی ملک وقوم کے لیے نقصان کاباعث ہوگی۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ اندرونی انتشار،افراتفری اور بے یقینی کی کیفیت سے نجات حاصل کرتے ہوئے ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔حکومت کواپنی آئینی مدت پوری کرتے ہوئے عوامی فلاح وبہبودکے لیے کام کرناچاہیے۔