حکمران اقتدار کی جنگ میں عوام کے مسائل بھول چکے ہیں‘ ذکر اللہ مجاہد

314
امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ثریا عظیم(وقف) اسپتال کی گورننگ باڈی کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں 

لاہور (نیوزرپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور وصدر گورننگ باڈی ثریا عظیم (وقف) ہسپتال ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمران اپنے اقتدار کی جنگ میں عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور مسائل بھول چکے ہیں اورحکمرانوں کے پیرس میں اورنج لائن ٹرین کا مہنگا پروجیکٹ بن رہا ہے جبکہ عوام ہسپتالوں میں ادویات کیلیے ترس رہی ہے اور ینگ ڈاکٹرز اپنے حقوق کیلیے پنجاب بھر میں حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز ثریا عظیم (وقف) اسپتال میں گورننگ باڈی کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایم ایس ثریا عظیم (وقف) اسپتال بریگیڈئیر (ر) ڈاکٹر ارشد ضیا ،سیکرٹری گوننگ باڈی ثریا عظیم (وقف) اسپتال ڈاکٹرچودھری افتخار ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، محسن بشیر ، فیض احمد فیضی اور دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی غریب عوام کے ساتھ ناانصافیوں نے انہیں سرکاری اسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم کر رکھا ہے ۔ پنجاب حکومت شہر میں اورنج لائن ٹرین منصوبے پر بے دریغ عوامی پیسہ پانی کی طرح بہا رہی ہے جبکہ شہر کی عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کی وجہ سے ہرچوتھا اور پانچواں شخص یرقان کی موذی بیماریوں میں مبتلا ہو چکا ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے اکثر سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے او پی ڈیزبند ہو نے کی وجہ سے متوسط طبقات کے لوگ جو نجی اسپتالوں میں علاج و معالجہ نہیں کر واسکتے وہ ڈاکٹرز اور حکومت کی اس محاذ آرائی میں صحت کی سہولیات سے محروم ہیں جو لمحہ فکر ہے ۔انہوں نے کہاکہ صحت و تعلیم اور دیگر بنیادی زندگی کی ضروریات حکومت کی ذمہ داری ہوتی مگر بدقسمتی سے ہمارے حکمرانوں نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے تکلیف دینے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اپنے ذاتی مفادات کی خاطر وہ سب کچھ کر رہے ہیں جبکہ عوام کی پریشانیوں اور مسائل سے اُنہیں کوئی سرورکار نہیں ۔