ججوں نے مجھے نہیں 20کروڑ عوام کو نااہل کیا‘ نواز شریف

302
جہلم: مسلم لیگ ن کے کارکنان نواز شریف کا استقبال کررہے ہیں چھوٹی تصویر میں سابق وزیراعظم ہاتھ ہلاکر نعروں کا جواب دے رہے ہیں

راولپنڈی /جہلم (نمائندہ جسارت) سابق نااہل وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ 5 ججوں نے مجھے نہیں 20کروڑ عوام کو نااہل کیا ،70سال سے اس ملک کے ساتھ مذاق ہوتا آرہا ہے اور قوم کا استیصال کیا جارہاہے، کوئی بھی وزیراعظم اپنی مدت پوری نہیں کرسکا جب کہ آپ ووٹ دے کر حکومتیں بناتے ہیں لیکن آپ کی توہین کی جاتی ہے، کیا یہ سب آپ کو برداشت ہے، کیا آپ اس کا حساب نہیں لیں گے؟ ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ریلی کے دوسرے روز سوہاوا، دینہ اور جہلم میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نوازشریف نے عدالتی فیصلے پر تابڑتوڑ حملے کیے اور فوجی آمروں کو سزانہ دینے پر کڑی تنقید کانشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اقتدار کی کوئی پروا نہیں اور میں آپ کے پاس ووٹوں کے لیے نہیں آیا بلکہ میں اسلام آباد سے لاہور اپنے گھر جارہا ہوں آئین کو ڈکٹیٹرتوڑتے ہیں اور پھر 10،10سال حکومت کرتے ہیں، کیا اس ملک میں کوئی ایسی عدالت ہے جو آمروں کا احتساب کرے جو کمر کی تکلیف کا بہانہ کرکے ملک سے بھاگ جاتے ہیں لیکن کبھی ڈکٹیٹر تو کبھی جج آکرآپ کے ووٹ کی پرچی پھاڑ کر ہاتھ میں دے دیتا ہے اور اوسطا ڈیڑھ سال میں ہر وزیراعظم گھر چلا جاتا ہے ،میرے جانے کے بعد دھرنے والے میدان میں آگئے اورمولوی کینیڈا سے آگئے، مولوی صاحب کوہر3 ماہ بعد پاکستان کا درد جاگتا ہے جب کہ مولوی صاحب برطانیہ میں رہتے ہیں پاسپورٹ بھی وہیں کا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ریلی کے شرکاء کو اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ نہیں پتا کہ مجھے کس ناکردہ گناہ کی سزا دی گئی 5ججوں نے ایک منٹ میں فارغ کر دیا، ججوں نے خود گواہی دی کہ نواز شریف نے کوئی کرپشن نہیں کی اور نہ ہی کوئی کک بیکس لیا یہ ججز خود مانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے سی پیک لانے امن و امان کے قیام کراچی میں روشنیاں واپس لانے کی سزا دی گئی ، میں 20کروڑ عوام کی نااہلی کا مقدمہ لے کر نکلا ہوں، میری نیت صاف ہے‘ دستور بدلنا ہوگا، مل کرنیا پاکستان بنائیں گے،عوام کو100فیصد میرا ساتھ دینا ہو گا۔