پاکستان کو چیمپئن بنانے والے کھلاڑیوں پر فخر ہے‘ ارشد وہرہ

510
کراچی : ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ جشن آزادی نمائشی ہاکی میچ کی فتح ٹیم کے کپتان اولمپیئن صلاح الدین کو ٹرافی دے رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ کھیلوں کی دنیا میں پاکستان کو چیمپئن بنانے والے کھلاڑیوں پر ہمیں فخر ہے، ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے انشاء اللہ جلد ہی کراچی کے کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے،یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی نارتھ ناظم آباد میں جشن آزادی کے سلسلے میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت منعقد کئے جانے والے نمائشی ہاکی میچ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین ،اولمپئین افتخار سید،قمر ابراہیم، ناصر علی،قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد، کرکٹرصادق محمد، شعیب محمد خان، سابق اسکواش عالمی چیمپئن جہانگیر خان سمیت متعدد سابق کھلاڑیوں کے علاوہ ممبران صوبائی اسمبلی عظیم فاروقی، انور رضا، سٹی کونسل کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی، صبحین غوری، ناہید فاطمہ ، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجداور کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔قبل ازیں مہمان خصوصی ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ کا میچ میں حصہ لینے والی اصلاح الدین الیون اور ڈپٹی میئر کراچی الیون میں شامل کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی نے 70 ویں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں نمائشی ہاکی میچ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے ایم سی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور کراچی کے شہری مشترکہ طور پر یہ جشن منا رہے ہیں اور آج میرے لئے نہایت خوشی کی بات ہے کہ یہاں اصلاح الدین ہاکی اکیڈمی میں سابق اور موجودہ چیمپئن کھلاڑیوں کی کہکشاں جمع کردی گئی ہے انہوں نے کہا کہ یہ بہترین اکیڈمی ہے اور اگر یہاں سے نکلنے والے نصف درجن کھلاڑی قومی ہاکی ٹیم میں شامل ہوئے تو ہمارے لئے یہ انتہائی مسرت کی بات ہوگی، ہمارے چیمپئن ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہمیں ان پر ہمیشہ فخر رہے گا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی کھیلوں کی ٹیموں میں کراچی کے کھلاڑیوں کا تناسب زیادہ ہوا کرتا تھاتاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں تبدیلی آتی گئی اب ہم پھر کوشش کر رہے ہیں کہ کراچی دوبارہ کھیلوں کی نرسری کا درجہ حاصل کرے اور یہاں سے ابھرنے والے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر نہ صرف اپنے شہر بلکہ ملک کا نام بھی روشن کریں، انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے سلسلے میں کراچی کے مختلف علاقوں میں پورے مہینے پرچم کشائی کی تقریبات جاری رہیں گی اور اس سلسلے میں لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے، ڈپٹی میئر کراچی نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اصلاح الدین اکیڈمی میں کم عمر بچوں اور طالب علموں کو ہاکی کی تربیت جدید خطوط پر دی جاتی ہے جبکہ یہاں ہاکی میچوں کے انعقاد اور تربیت کی جدید ترین سہولیات دستیاب ہیں،انہوں نے کہاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کھیلوں کی سرگرمیوں کی مکمل سرپرستی کر رہی ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ شہر میں زیادہ سے زیادہ پارکس اور کھیل کے میدان آباد کئے جائیں اور وہاں موجود سہولیات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے، بعدازاں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرہ نے ڈپٹی میئر کراچی الیون اور اصلاح الدین الیون کے درمیان جشن آزادی کے سلسلے میں نمائشی میچ دیکھا ۔اور میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔یہ میچ ڈپٹی میئر کراچی الیون نے صفر کے مقابلے میں 3 گول سے جیت لیا۔