جنوبی کوریا ہمسایہ ملک کے حملے کا فوری جواب دینے کو تیار

234
پیانگ یانگ: امریکا کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں شمالی کوریا کے لاکھوں شہری حکومتی موقف کی تائید میں ریلی نکال رہے ہیں

سیئول (انٹرنیشنل ڈیسک) جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی عسکری مہم جوئی کا فوری جواب دیا جائے گا۔ شمالی کوریا نے دھمکی دی تھی کہ وہ بحر الکاہل میں واقع امریکی جزیرے گوام پر میزائل حملہ کر سکتا ہے۔ جنوبی کوریا کی فوج کا اس دھمکی کے ردعمل میں کہنا ہے کہ ایسی کسی اشتعال انگیزی کا فوری جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر نوارٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے بیانات میں تضاد کی اہمیت کو کم کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ شمالی کوریا کے حوالے سے امریکا یکساں آواز میں گفتگو کر رہا ہے۔ بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس میں ہیدر کا کہنا تھا کہ وہائٹ ہاؤس ہو یا وزارت خارجہ اور یا پھر وزارت دفاع، ہم سب ایک آواز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ درحقیقت پوری دنیا اس وقت ایک آواز ہو کر بات کر رہی ہے اور اس کا مظاہرہ ہم نے ایک ہفتہ قبل سلامتی کونسل میں پیانگ یانگ کے خلاف مزید پابندیوں سے متعلق قرار داد کی منظوری کی شکل میں دیکھ لیا۔ ترجمان کا یہ بیان ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کے رہ نما کم جونگ ان کو جاری انتباہ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ کم جونگ کو اپنے بیلسٹک میزائل پروگرام کے حوالے سے آگ اور غضب کا سامنا ہو گا۔ تاہم دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے جنوب مشرقی ایشیا کے دورے سے امریکا واپس آتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا خیال نہیں کہ شمالی کوریا کی جانب سے کوئی قریبی خطرہ موجود ہے۔ خاتون ترجمان ہیدر کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے بیان دیے جانے کے بعد ٹرمپ اور ٹلرسن نے ایک گھنٹے تک ٹیلیفون پر بات چیت کی تھی۔ ہیدر نے کہا کہ ہمیں خطرے کی گھنٹی پر غور کرنے دیا جائے۔ محض ایک ماہ کے اندر بین البراعظمی میزائلوں کے 2 تجربات ہوئے اور گزشتہ برس بھی 2 جوہری تجربے کیے گئے۔ ادھر شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں کم جونگ ان اسکوائر پر لاکھوں شہریوں نے جمع ہو کر اپنی حکومت کی پالیسیوں کی تائید میں ریلی نکالی۔ خبررساں اداروں کے مطابق یہ ریلی جمعرات کے روز نکالی گئی اور اس میں شریک عوام نے امریکا کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر پیانگ یانگ کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کی مکمل حمایت کی۔