مویشی منڈی،جانور خریدیں ڈیپ فریزر مفت میں لے جائیں

573

سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی خریداری پر ڈیپ فریزر کی انعامی اسکیم متعارف کرا دی گئی جبکہ منڈی میں اونٹوں کی آمد بھی شروع ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے موقع پر سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کی فروخت کے لیے قائم کی جانے والی مویشی منڈی کے وی آئی پی بلاک 6 میں ایم جی اے فارم کی جانب سے لگائے جانے والے نمائشی ٹینٹ میں قربانی کے جانوروں کی خریداری پر بیوپاری کی جانب سے انعامی اسکیم متعارف کرائی گئی ہے جس میں خریدار کو ڈیپ فریزر انعام میں دیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے ایم جی اے فارم کے منیجر اخلاق نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مجموعی طور پر10 لاکھ روپے کی خریداری پر 16 کیوبک فٹ کا ڈیپ فریزر مفت دیا جائے گا۔

منیجر اخلاق نے بتایا کہ انعامی اسکیم متعارف کرانے کا مقصد خریداروں کو فائدہ پہنچانا ہے اور یہ انعامی اسکیم پہلی بار متعارف کرائی گئی ہے۔ ادھر مویشی منڈی میں گائے اور بکروں کے ساتھ ساتھ اونٹوں کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے اور اب تک 200 اونٹ منڈی میں فروخت کے لیے لائے جا چکے ہیں۔