حکمران توانائی بحران پر قابو پانے میں ناکام ہوگئے‘ ذکراللہ مجاہد

243
لاہور (نیوزرپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمران توانائی بحران اور لوڈشیڈنگ کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے عوامی وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے حکمرانوں کی منطق نرالی اور عوام کی سمجھ سے باہر ہے مصنوعی ترقی کے دعویدار حکمران ایک طرف لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا دعوی اور کریڈٹ لینے کی کوشش میں مصروف ہیں جبکہ دوسری طرف عوام شدید گرمی اور حبس میں بڑھتی ہوئی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ہاتھوں پریشان ہیں ۔ سخت گرمی اور حبس میں لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی مشینری اور عوامی نمائندے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینے کی بجائے اپنے نااہل لیڈر کی خوشامد اور اس کی کرپشن کو چھپانے اور سڑکوں پر عوام کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں مصروف عمل ہیں ۔ اس میں کو ئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت نے اداروں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مفلوج نظر آتے ہیں ۔ حکمران جماعت اچھی کارکردگی سے ہی عوام کے دل جیت سکتی ہے ۔ اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلیے ملک سے کرپشن کے ناسور اور کرپٹ مافیا کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس گرمی اور حبس کے ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کی حالت پریشان کن ہے اور ہلاکتوں کا سبب بن رہی ہے جو قابل مذمت بات ہے ۔